سندھ، پنجاب اور بلوچستان میں ہیٹ ویو الرٹ جاری

پی ڈی ایم اے نے بھی پنجاب کے بڑے شہروں میں آج سے یکم مئی تک شدید گرمی کے لیے الرٹ جاری کر دیا

ملک بھر میں سورج آگ برسانے لگا، گرمی معمول سے کہیں زیادہ، ہیٹ ویو کا راج 30 اپریل تک برقرار رہے گا۔سندھ، پنجاب اور بلوچستان تپتے موسم کی لپیٹ میں، ملک بھر میں ہیٹ ویو الرٹ جاری کر دیا گیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق موسمیاتی ماہرین نے ملک کے مختلف علاقوں میں ہیٹ ویو کی پیشگوئی کرتے ہوئے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں مزید بتایا گیا ہے کہ سندھ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان میں گرمی کی شدت معمول سے کہیں زیادہ ریکارڈ ہونے کا امکان ہے۔

ہیٹ ویو کا اثر آج سے 30 اپریل تک جاری رہے گا۔ بالائی فضا میں ہوا کا دباؤ داخل ہو چکا ہے، جو آئندہ دنوں میں زیادہ تر علاقوں کو متاثر کرے گا۔ اسی طرح جنوبی پنجاب، سندھ اور بلوچستان میں دن کے وقت درجہ حرارت معمول سے 5 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہ سکتا ہے۔

علاوہ ازیں اسلام آباد، خیبرپختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان اور بالائی و وسطی پنجاب میں بھی درجہ حرارت 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ بڑھنے کا امکان ہے۔

دریں اثنا پی ڈی ایم اے نے بھی پنجاب کے بڑے شہروں میں آج سے یکم مئی تک شدید گرمی کے لیے الرٹ جاری کر دیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سورج نے آگ کے گولے برسانے شروع کر دیے ہیں اور خشک موسم کے باعث گرمی کی شدت میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے۔ صوبائی دارالحکومت لاہور بھی شدید گرمی کی لپیٹ میں آ چکا ہے۔

لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 23 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جب کہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 41 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔

پیش گوئی میں بتایا گیا ہے کہ آئندہ 2 سے 3 روز کے دوران بارش کا کوئی امکان نہیں اور موسم خشک و گرم رہے گا۔ ملک بھر میں گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ گھروں اور دفاتر میں ایئرکولر اور اے سی کا استعمال بھی بڑھ گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 30 اپریل کے بعد بارش لانے والی ہوائیں ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہوں گی۔ ان ہواؤں کے باعث کشمیر، اسلام آباد، شمال مشرقی پنجاب، بالائی خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں بارش اور ژالہ باری ہو سکتی ہے۔

یکم مئی کے بعد ملک بھر میں ہیٹ ویو کی شدت میں کمی آنے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین