فلم ‘لگان’ میں اپنی آواز دینے سے پہلے امیتابھ بچن نے ایک دلچسپ خدشہ ظاہر کیا تھا کہ وہ جس فلم میں وائس اوور کرتے ہیں، وہ کامیاب نہیں ہوتی۔ مگر عامر خان نے ان کی بات ہنسی میں اڑا کر انہیں اس تاریخی فلم کا حصہ بنا لیا، جس نے بعد میں ایک نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔
فلم ‘لگان’ میں لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن نے وائس اوور دیا تھا، جس نے فلم کی کہانی کو مزید جاندار بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
معروف ہدایتکار آشوتوش گواریکر نے حال ہی میں ایک انٹرویو میں انکشاف کیا ہے کہ فلم ‘لگان’ کے لیے امیتابھ بچن کو وائس اوور دینے پر راضی کرنا آسان نہیں تھا کیونکہ وہ خود اس حوالے سے ہچکچا رہے تھے۔
ہدایتکار آشوتوش گواریکر نے بتایا کہ جب پہلی بار وہ اور عامر خان امیتابھ بچن کے پاس وائس اوور کی پیشکش لے کر گئے تو امیتابھ صاحب نے ایک پرانی روایت کا ذکر کیا۔
امیتابھ بچن نے عامر خان سے کہا کہ وہ جس فلم میں بھی وائس اوور کرتے ہیں، وہ فلم کامیاب نہیں ہوتی اور اکثر فلاپ ہو جاتی ہے، اس لیے اگر تم یہ خطرہ مول لینے کو تیار ہو تو میں وائس اوور کر سکتا ہوں لیکن بعد میں کوئی شکایت نہ کرنا۔
ہدایتکار آشوتوش گواریکر کے مطابق امیتابھ صاحب کی یہ بات سن کر عامر خان نے ہنستے ہوئے جواب دیا کہ یہ کام تو آپ ہی کو کرنا ہے، اور اس طرح انہوں نے امیتابھ بچن کو فلم کا حصہ بننے پر قائل کر لیا۔
آشوتوش گواریکر نے مزید بتایا کہ جب امیتابھ بچن نے فلم ‘لگان’ کی کہانی اور اس کا بیانیہ دیکھا تو انہیں فلم کا انداز بہت پسند آیا اور پھر انہیں فلم کا حصہ بنانا آسان ہو گیا۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ بلاک بسٹر فلم ‘لگان’ میں امیتابھ بچن کی جاندار آواز نے نہ صرف کہانی کو ایک نیا رنگ دیا بلکہ اسے ایک لازوال کلاسک بنانے میں بھی اہم کردار ادا کیا۔
فلم کی کہانی برطانوی راج کے دور پر مبنی ہے جس میں ایک گاؤں کے دیہاتی انگریز حکام سے لگائے گئے بھاری ٹیکس (لگان) کو معاف کرانے کے لیے کرکٹ میچ کھیلنے پر مجبور ہوتے ہیں۔
اس فلم میں عامر خان نے مرکزی کردار نبھایا تھا اور پس منظر میں امیتابھ بچن کی گہری اور بااثر آواز کہانی کو زبردست انداز میں آگے بڑھاتی رہی۔





















