وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے خبردار کیا کہ بھارت اگلے 24 سے 36 گھنٹوں میں پہلگام واقعے کو جواز بنا کر پاکستان پر فوجی حملہ کر سکتا ہے۔ انہوں نے بھارت کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے اور شفاف تحقیقات کی پیشکش کر چکا ہے۔ بھارت کی جارحیت کی صورت میں پاکستان سخت جواب دے گا۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان کو پختہ انٹیلیجنس اطلاعات ملی ہیں کہ بھارت اگلے 24 سے 36 گھنٹوں میں پہلگام واقعے کو بہانہ بنا کر پاکستان کے خلاف فوجی کارروائی کر سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کے یہ الزامات جھوٹے اور بے بنیاد ہیں، جنہیں پاکستان مکمل طور پر مسترد کرتا ہے۔
عطا تارڑ نے کہا کہ پاکستان بھارت کے اس رویے کی سخت مذمت کرتا ہے کہ وہ خود کو خطے کا جج، جیوری اور جلاد سمجھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خود گزشتہ دو دہائیوں سے دہشت گردی کا شکار رہا ہے اور وہ دنیا میں ہر قسم کی دہشت گردی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پہلگام واقعے کے بعد پاکستان نے ایک ذمہ دار ملک کے طور پر مکمل، شفاف اور غیر جانبدار تحقیقات کی پیشکش کی تھی تاکہ حقائق سامنے آ سکیں اور واقعے کی اصل حقیقت معلوم ہو سکے۔
لیکن بھارت نے اس پیشکش کو مسترد کر کے غیر معقول اور تصادم کا راستہ اختیار کیا، جو نہ صرف خطے بلکہ پوری دنیا کے امن کے لیے خطرناک ہو سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کا آزادانہ تحقیقات سے انکار اس کے اصلی مقاصد کو ظاہر کرتا ہے، جو سیاسی فائدے کے لیے عوام کے جذبات بھڑکانا اور جھگڑے کی فضا بنانا ہے۔ انہوں نے اسے ایک افسوسناک رجحان قرار دیا۔
عطا تارڑ نے کہا کہ پاکستان ایک بار پھر واضح کرتا ہے کہ اگر بھارت نے کسی بھی قسم کی فوجی جارحیت کی کوشش کی تو اسے سخت اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں بین الاقوامی برادری کو بتا دیا گیا ہے کہ اگر کوئی جنگ ہوئی تو اس کے تباہ کن نتائج کی پوری ذمہ داری بھارت پر ہوگی۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے مزید کہا کہ پاکستانی قوم اپنی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی عزت کے تحفظ کے لیے ہر قیمت پر اور ہر سطح پر اپنا دفاع کرے گی۔





















