جنگلی جانوروں کا گوشت کھانے کا اعتراف، اداکارہ کیخلاف تفتیش کا آغاز

مانیٹر لیزارڈ (گو) اور سیہہ (خارپشت) کا گوشت کھایا ہے۔اداکارہ

بھارتی اداکارہ چھایا قدم کے جنگلی جانوروں جیسے مانیٹر لیزارڈ اور سیہہ کا گوشت کھانے کے اعتراف کے بعد ان کے خلاف محکمہ جنگلات نے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ ان کے بیان پر سوشل میڈیا پر شدید تنقید ہوئی اور ایک تنظیم نے پولیس میں شکایت درج کی۔ اداکارہ کو جلد تفتیش کے لیے طلب کیا جائے گا۔

بھارتی اداکارہ چھایا قدم کے خلاف جنگلی جانوروں کا گوشت کھانے کے اعتراف کے بعد تحقیقات کا آغاز ہو گیا ہے۔بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق چھایا قدم نے ایک حالیہ انٹرویو میں بتایا کہ انہوں نے مانیٹر لیزارڈ (گو) اور سیہہ (خارپشت) کا گوشت کھایا ہے۔ یہ دونوں جانور قانونی طور پر تحفظ یافتہ ہیں اور ان کا شکار یا کھانا ممنوع ہے۔ اس بیان کے بعد محکمہ جنگلات نے ان کے خلاف تفتیش شروع کر دی ہے۔

اداکارہ کے اس انکشاف کے بعد ممبئی کی ایک تنظیم "پلانٹ اینڈ اینیمل ویلفیئر سوسائٹی”، جو جانوروں اور درختوں کی حفاظت کے لیے کام کرتی ہے، نے ان کے خلاف پولیس میں شکایت درج کرائی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق چھایا قدم کو جلد ہی تفتیش کے لیے بلایا جائے گا۔ محکمہ جنگلات کے ایک افسر نے بتایا کہ وہ اداکارہ سے فون پر رابطے میں ہیں۔ اداکارہ نے بتایا کہ وہ فی الحال شہر سے باہر ہیں اور چند دنوں میں واپس آ جائیں گی۔

یاد رہے کہ چھایا قدم کے جنگلی جانوروں کا گوشت کھانے کے بیان کے بعد سوشل میڈیا پر لوگوں نے ان پر سخت تنقید کی ہے اور ان کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین