بھارت کی جانب سے پاکستانی فنکاروں کے خلاف اقدامات میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ تازہ مثال معروف صوفی گلوکارہ عابدہ پروین کا انسٹاگرام اکاؤنٹ بھارت میں بلاک کرنا ہے، جس پر ان کے مداح خاصے برہم نظر آتے ہیں۔
پاکستان کی نامور صوفی گلوکارہ عابدہ پروین کا انسٹاگرام اکاؤنٹ بھارت میں بند کر دیا گیا ہے۔بھارتی صارفین جب عابدہ پروین کا انسٹاگرام پروفائل کھولنے کی کوشش کرتے ہیں تو انہیں ایک نوٹس نظر آتا ہے، جس میں بتایا جاتا ہے کہ یہ اکاؤنٹ قانونی درخواست کے باعث بھارت میں دستیاب نہیں ہے۔
البتہ کچھ بھارتی مداح وی پی این کے ذریعے ان کے اکاؤنٹ تک رسائی حاصل کر رہے ہیں اور وہ اس بندش پر شدید ناراضی کا اظہار کر رہے ہیں۔
یہ قدم بھارت کی جانب سے حالیہ پہلگام حملے کے بعد پاکستانی عوام اور خاص طور پر مشہور شخصیات کے خلاف لگائی گئی سوشل میڈیا پابندیوں کا حصہ ہے۔
اس سے قبل بھی کئی پاکستانی فنکاروں، سیاست دانوں اور مشہور شخصیات کے انسٹاگرام اکاؤنٹس بھارت میں بند کیے جا چکے ہیں۔
یاد رہے کہ عابدہ پروین کے مداح نہ صرف بھارت بلکہ دنیا بھر میں موجود ہیں۔ بھارتی مداح اس پابندی کو افسوسناک قرار دے رہے ہیں اور سوشل میڈیا پر اس کے خلاف آواز بلند کر رہے ہیں۔





















