راولپنڈی: پاکستان نے 120 کلومیٹر تک مار کرنے والے فتح میزائل کا کامیاب تجربہ کر لیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بتایا کہ میزائل زمین سے زمین پر 120 کلومیٹر تک مار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
میزائل کا تجربہ انڈس مشقوں کے دوران کیا گیا، تجربے کا مقصد فوجی تیاری اور تکنیکی صلاحیت کی جانچ ہے۔
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور چیف آف آرمی اسٹاف نے حصہ لینے والے فوجیوں، سائنسدانوں اور انجینئرز کو کامیاب تجربہ پرمبارکباد دی۔
تربیتی تجربہ پاکستان آرمی کے سینیئر افسران کے علاوہ پاکستان کی اسٹریٹجک تنظیموں کے افسران، سائنسدانوں اور انجینئرز نے بھی دیکھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فتح میزائل کے تجربے کا مقصد اس کے آپریشنل اور ٹیکنیکل پہلوؤں کے ساتھ ساتھ نیوی گیشن سسٹم کی افادیت اور درستگی کا جائزہ لینا تھا۔ تجربے کے دوران میزائل نے اپنے ہدف کو مکمل درستگی کے ساتھ کامیابی سے نشانہ بنایا، جو پاکستان کے میزائل ٹیکنالوجی میں تسلسل کے ساتھ ہونے والی پیش رفت کا واضح ثبوت ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس تجربے سے پاکستان کی دفاعی تیاریوں، خاص طور پر اسٹریٹجک فورسز کی صلاحیتوں پر مکمل اعتماد کا اظہار ہوتا ہے، جو ملکی خودمختاری اور قومی سلامتی کے تحفظ میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں۔





















