پاکستان کے 3 مقامات پر بھارت کا میزائلوں سے حملہ، 2شہری شہید، 12 زخمی

بھارت کے بزدلانہ حملے کا بھرپور جواب دیا جائے گا: ڈی جی آئی ایس پی آر

راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق بھارت کی طرف سے پاکستان میں 3 مقامات پر میزائل داغے ہیں۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بہاولپور، کوٹلی، مظفرآباد میں فضا سے میزائل داغے گئے ہیں۔
بھارت نے پاکستان پر حملہ کرتے ہوئے 3 شہروں پر میزائل حملہ کر دیا جس میں سویلین آبادی کو نشانہ بنایا گیا، بھارتی حملے میں ایک معصوم بچہ شہید ہوگیا ہے۔ ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز پبلک ریلیشنز( ڈی جی آئی ایس پی آر) لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے تصدیق کی ہے کہ بھارت نے پاکستان پر 3 جگہوں پر میزائل داغے ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ بھارت کی جانب سے آزاد کشمیر میں کوٹلی، مظفر آباد پر حملہ کیا گیا جبکہ بہاولپور پر بھی حملہ کیا گیا۔ بھارت کی طرف سے احمد پور شرقیہ بہاولپور میں مسجد سبحان اللہ پر حملہ کیا، بھارتی بزدلانہ حملے میں مسجد میں سویلینز کو نشانہ بنایا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بھارت نے شرمناک حملہ کیا اسے حملے کا جواب دیا جائےگا،میزائل حملے کے نقصان کا تخمینہ لگایاجارہا ہے، پاکستان وقت کا تعین کر کے بھرپور جواب دے گا۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بزدلانہ حملے میں اب تک ایک معصوم بچہ شہید جبکہ ایک عورت اور ایک مرد شدید زخمی ہو گئے ہیں۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق بھارت نے رات کے اندھرے میں معصوم پاکستانیوں کو بزدلانہ حملے میں ٹارگٹ کیا، پاکستان کی طرف سے جوابی کاروائی شروع کر دی گئی ہے
بھارتی وزارت دفاع نے پاکستان میں حملوں کی تصدیق کردی ہے اور دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان میں 9 مقامات پر حملہ کیا ہے۔ بھارت کی جانب سے حملے کے بعد پاکستان کی ایئراسپیس کو بند کردیا گیا اور تمام پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں۔ ایوی ایشن ذرائع کا کہنا ہے کہ ائیراسپیس کو 48 گھنٹے کیلئے بند کیا گیا جس کا نوٹم جاری کر دیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ 22 اپریل کو مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں 26 بھارتی سیاحوں کے قتل کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان تناؤ میں اضافہ ہوا تھا اور گزشتہ روز وزیر دفاع خواجہ آصف نے خبردار کیا تھاکہ بھارت کے ساتھ تصادم ناگزیر ہوگیا ہے اور دونوں ملکوں میں تصادم کسی بھی وقت ہوسکتا ہے۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین