آپریشن بنیان المرصوص: پاکستان نے تین بھارتی فضائی اڈوں سمیت متعدد ایئر فیلڈز کو تباہ کر دیا

ان تمام مقامات کو نشانہ بنایا جا رہا ہے جہاں سے پاکستانی عوام، ایئر بیسز اور مساجد پر حملے کیے گئے

پاکستان نے بھارت کی جارحیت کا بھرپور جواب دیتے ہوئے "آپریشن بُنْيَانٌ مَّرْصُوْصٌ” (آہنی دیوار) کے تحت بھارتی ایئر بیسز، میزائل سٹوریج اور دیگر اہم اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔ کارروائی میں پاکستان کی جدید ٹیکنالوجی اور دفاعی صلاحیت کا بھرپور مظاہرہ دیکھنے کو ملا۔

بھارت کے جنگی جنون کو ختم کرنے کا وقت آ گیا ہے۔ پاکستان نے "آپریشن بُنْيَانٌ مَّرْصُوْصٌ” کے دوران تین بھارتی ایئر بیسز سمیت کئی ایئر فیلڈز کو تباہ کر دیا ہے۔ پاکستان کی جانب سے ان تمام مقامات کو نشانہ بنایا جا رہا ہے جہاں سے پاکستانی عوام، ایئر بیسز اور مساجد پر حملے کیے گئے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، پاکستان نے بھارتی جارحیت کے جواب میں مؤثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے "آپریشن بُنْيَانٌ مَّرْصُوْصٌ” کا آغاز کر دیا ہے۔ بیاس کے علاقے میں واقع براہموس میزائل اسٹوریج سائٹ، ادھم پور، پٹھان کوٹ اور آدم پور ایئر بیسز کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا۔ اس کے علاوہ بھارت کے بریگیڈ ہیڈکوارٹر جی ٹاپ کو بھی مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا۔

پاکستان ایئر فورس کے جے ایف 17 تھنڈر طیاروں نے ہائپر سونک میزائلوں سے بھارت کے جدید S-400 ایئر ڈیفنس سسٹم کو آدم پور میں تباہ کیا۔ یہ سسٹم تقریباً 1.5 بلین ڈالر مالیت کا تھا۔ مزید برآں، بھارتی بریگیڈ ہیڈکوارٹر کے جی ٹاپ اور اڑی میں سپلائی ڈپو بھی تباہ کیے گئے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کی یہ کارروائیاں بھارت کو واضح پیغام دے رہی ہیں کہ وہ اپنی خودمختاری اور قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ وقت آ گیا ہے کہ بھارت کو اس کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے۔

اگرچہ ترجمان پاک فوج کی جانب سے سرکاری بیان تاحال جاری نہیں کیا گیا، تاہم ذرائع بتاتے ہیں کہ جوابی کارروائی مکمل منصوبہ بندی، دفاعی حکمتِ عملی اور نظم و ضبط کے ساتھ کی جا رہی ہے۔

اس سے پہلے ڈی جی آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ بھارت ہمارے جواب کا انتظار کرے، اور اب باقاعدہ طور پر اس جوابی کارروائی کا آغاز ہو چکا ہے۔

یاد رہے کہ بھارت نے 6 اور 7 مئی کی درمیانی رات بزدلانہ حملہ کرتے ہوئے آزاد کشمیر کے علاقوں کوٹلی، مظفر آباد، باغ، مریدکے اور احمد پور شرقیہ میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا تھا۔ ان حملوں میں دو مساجد شہید ہوئیں، جبکہ دو بچوں سمیت 31 افراد شہید اور 51 زخمی ہوئے۔

آپریشن بُنْيَانٌ مَّرْصُوْصٌ کے نتیجے میں بیاس میں واقع براہموس میزائل اسٹوریج سائٹ کی ویڈیو بھی منظر عام پر آ چکی ہے، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ حملے کے بعد دھوئیں اور شعلوں کے بادل بلند ہو رہے ہیں۔

اس کے علاوہ پاکستان نے سورت گڑھ ایئر فیلڈ، سرسہ ایئر فیلڈ اور دیگر بھارتی مقامات کو بھی تباہ کر دیا ہے۔ سرسہ ایئر فیلڈ کی تباہی کی تصدیق بھارتی میڈیا نے بھی کر دی ہے۔ مودی کے آبائی شہر گجرات میں بھی پاکستانی ڈرونز کی مسلسل پروازیں جاری ہیں۔

پاکستان "فتح 1” میزائل سسٹم سے بھی بھارتی اہداف کو نشانہ بنا رہا ہے، جس کی ایک اور ویڈیو منظر عام پر آ چکی ہے۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین