اداکارہ پرینیتی چوپڑا نے بھارتی میڈیا پر جھوٹی خبریں پھیلانے کا الزام لگاتے ہوئے تنقید کی ہے اور کہا ہے کہ غیر مصدقہ معلومات عوام میں خوف اور بے یقینی پیدا کر رہی ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے میڈیا سے ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
بالی ووڈ کی معروف اداکارہ پرینیتی چوپڑا نے حالیہ دنوں بھارتی میڈیا کی جانب سے جھوٹی خبریں پھیلانے پر سخت ردعمل دیا ہے اور اپنی ہی میڈیا کو آئینہ دکھا دیا ہے۔
بھارتی میڈیا کو اب پاکستان مخالف پروپیگنڈا کرنے اور جھوٹی خبروں کے پھیلاؤ پر ان کی اپنی اہم شخصیات کی تنقید کا سامنا ہے، اور انہی میں اب پرینیتی چوپڑا کا نام بھی شامل ہو گیا ہے۔
اداکارہ نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں کہا کہ اس وقت سب سے خطرناک چیز غیر مصدقہ اور گمراہ کن معلومات پھیلانا ہے، جو عوام میں خوف اور بے یقینی کو جنم دے رہی ہے۔
پرینیتی نے بھارتی عوام کو مشورہ دیا کہ وہ صرف آفیشل ذرائع پر یقین رکھیں اور ساتھ ہی میڈیا اداروں کو بھی نصیحت کی کہ وہ خبر رسانی میں ذمے داری کا مظاہرہ کریں۔
پرینیتی چوپڑا سے پہلے بالی ووڈ اداکارہ سوناکشی سنہا بھی میڈیا کے کردار پر سوالات اٹھا چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا خوف و ہراس پھیلا رہا ہے اور غیر ذمہ دارانہ رپورٹنگ کر رہا ہے۔
سوناکشی نے کہا کہ ہمارے نیوز چینلز مذاق بن چکے ہیں۔ یہ لوگ چیخنے چلانے والی آوازوں اور مبالغہ آرائی سے ایسا ڈرامہ پیش کر رہے ہیں کہ عوام کا دماغ گھوم رہا ہے۔
اداکارہ نے سوال اٹھایا کہ آخر یہ سب ہو کیا رہا ہے؟ انہوں نے میڈیا سے کہا کہ وہ اپنا کام ایمانداری سے کریں، صرف سچ دکھائیں اور جنگ جیسے حساس موضوع کو سنسنی خیز بنا کر عوام میں خوف نہ پھیلائیں۔





















