آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے یوم تشکر کی تقریب کے موقع پر پاکستانی میڈیا کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاک-بھارت کشیدگی کے دوران میڈیا کا کردار نہایت شاندار اور ذمہ دارانہ رہا۔ انہوں نے بھارتی میڈیا کو دیے گئے موثر جواب کو بھی یادگار قرار دیا اور کہا کہ ہم نے کچھ نہیں چھپایا، سچ قوم کے سامنے رکھا۔
چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر نے پاک-بھارت کشیدہ حالات کے دوران پاکستانی میڈیا کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ میڈیا ہمارا فخر ہے اور اس نے نہایت ذمہ داری سے اپنے فرائض انجام دیے۔
اسلام آباد میں یوم تشکر کی مناسبت سے ہونے والی خصوصی تقریب میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے جنرل عاصم منیر نے کہا کہ ہم نے کچھ نہیں چھپایا، پوری سچائی قوم کے سامنے رکھی، میڈیا نے جس انداز سے بھارتی پروپیگنڈے کا جواب دیا، وہ یادگار بن گیا ہے۔
آرمی چیف نے مزید کہا کہ پاک-بھارت حالیہ کشیدگی میں میڈیا کا کردار نہایت مثبت اور قومی جذبے سے بھرپور رہا۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا نے نہ صرف عوام کو درست معلومات فراہم کیں بلکہ دشمن کو بھی منہ توڑ جواب دیا۔
انہوں نے واضح طور پر کہا کہ ’’ہمیں اپنے میڈیا پر فخر ہے کیونکہ انہوں نے ہر بات سچائی کے ساتھ پیش کی اور کسی قسم کی سنسنی خیزی یا غلط معلومات سے گریز کیا۔‘‘
جنرل عاصم منیر نے کہا کہ پوری قوم نے اس موقع پر متحد ہو کر دشمن کا سامنا کیا، اور میڈیا نے اس اتحاد کو مزید مضبوط بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا۔
تقریب میں جن صحافیوں سے آرمی چیف نے بات چیت کی ان میں معروف اینکر پرسن رحمان اظہر بھی شامل تھے۔ جنرل عاصم منیر کی گفتگو نے اس بات کی گواہی دی کہ قومی سلامتی کے اہم موقع پر میڈیا کی سنجیدہ اور محب وطن رپورٹنگ نے عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت امیج اجاگر کیا۔





















