خضدار میں لیویز چیک پوسٹ پر مسلح افراد کی فائرنگ،4 اہلکار شہید، ملزمان فرار

صمند لیویز چیک پوسٹ پر ڈیوٹی پرمامور لیویز اہلکاروں پر پہاڑی علاقے سے مسلح حملہ آوروں نے فائرنگ کی

خضدار:خضدار میں صمند لیویز چیک پوسٹ پر نامعلوم مسلح افراد نے حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں 4 لیویز اہلکار شہید ہوگئے۔ڈپٹی کمشنر خضدار یاسر اقبال دشتی نے افسوسناک واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ صمند لیویز چیک پوسٹ پر ڈیوٹی پرمامور لیویز اہلکاروں پر پہاڑی علاقے سے مسلح حملہ آوروں نے فائرنگ کی۔انہوں نے بتایا کہ جوابی فائرنگ کافی دیر تک ہوتی رہی تاہم پہاڑی علاقہ ہونے کی وجہ سے ملزمان فرار ہوگئے۔

ڈپٹی کمشنر خضدار کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں 4 لیویز اہلکار شہید ہو گئے، علاقے کی ناکہ بندی کردی گئی ہے اور میتیں ٹیچنگ اسپتال منتقل کی جا رہی ہیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق مسلح ملزمان کی فائرنگ سے چار اہلکار موقع پر ہی شہید ہو گئے۔پولیس کے مطابق حملے میں شہید ہونے والے اہلکاروں کی شناخت مقبول ، خدا بخش ، اعجاز احمد اور محمد علی کے نام سے ہوئی ہے جبکہ شہید اہلکاروں کی لاشوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔لیویزذرائع کے مطابق حملہ سی پیک روڈ پر واقع لیویزفورس کی چیک پوسٹ پر کیا گیا جبکہ لیویز فورس کے بہادر جوانوں نے پوری جرات کے ساتھ حملے کا مقابلہ کیا، واقعے کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری جائے وقوعہ کی جانب روانہ ہو گئی ہے۔

لیویز حکام کے مطابق واقعے کے فوراً بعد فورسز نے پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور سرچ آپریشن کا آغاز کر دیا۔واضح رہے کہ حالیہ مہینوں میں بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کو دہشت گرد عناصر کی جانب سے نشانہ بنانے کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔

 

متعلقہ خبریں

مقبول ترین