بلوچستان: خضدار میں اسکول بس پر خودکش حملہ، 4 بچے شہید، 38 زخمی

دھماکا اتنا شدید تھا کہ بس مکمل طور پر تباہ ہو گئی

بلوچستان کے ضلع خضدار میں بچوں سے بھری اسکول بس پر خودکش حملہ کیا گیا جس میں 4 معصوم بچے جان کی بازی ہار گئے اور 38 زخمی ہو گئے۔ حملے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا جبکہ وفاقی وزیر داخلہ نے واقعے کو ملک کو غیر مستحکم کرنے کی سازش قرار دیا۔

بلوچستان کے ضلع خضدار میں اس وقت افسوسناک سانحہ پیش آیا جب اسکول کے بچوں کو لے جانے والی بس کو زیرو پوائنٹ کے قریب خودکش حملے کا نشانہ بنایا گیا۔ اس دل دہلا دینے والے واقعے میں 4 معصوم بچے شہید ہو گئے جبکہ 38 دیگر زخمی ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب بس معمول کے مطابق بچوں کو اسکول لے جا رہی تھی کہ اچانک ایک خودکش بمبار نے بس کے قریب خود کو دھماکے سے اڑا دیا۔ دھماکا اتنا شدید تھا کہ بس مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔

ڈپٹی کمشنر خضدار کے مطابق ابتدائی تفتیش سے پتہ چلا ہے کہ یہ حملہ خودکش نوعیت کا تھا۔ اسکول بس میں موجود بچوں میں سے 4 جان کی بازی ہار گئے جبکہ 38 زخمی بچوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے کے بعد جائے وقوعہ پر فورسز کی بھاری نفری پہنچ گئی ہے اور علاقے میں سرچ آپریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ سیکیورٹی ادارے واقعے کی مکمل تحقیقات کر رہے ہیں، اور جیسے جیسے مزید تفصیلات سامنے آئیں گی، وہ عوام اور میڈیا کے ساتھ شیئر کی جائیں گی۔

ادھر حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ حالیہ دنوں میں بلوچستان میں بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردوں کی سرگرمیوں میں اضافہ ہوا ہے، اور مختلف کالعدم تنظیمیں معصوم شہریوں کو نشانہ بنا کر بدامنی پھیلانے کی کوشش کر رہی ہیں، جن میں سے کئی کارروائیاں سیکیورٹی اداروں نے بروقت ناکام بنائیں۔

وفاقی وزیر داخلہ کا ردعمل:
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے خضدار کے اس دلخراش واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسکول بس پر حملہ دشمن کی طرف سے پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنے کی گھناؤنی سازش ہے۔ انہوں نے معصوم بچوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے لواحقین سے تعزیت کی۔

محسن نقوی نے مزید کہا کہ معصوم بچوں کو نشانہ بنانے والے انسان کہلانے کے لائق نہیں اور ایسے درندوں کو کسی بھی صورت رعایت نہیں دی جا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم کے اتحاد سے ان تمام سازشوں کو ناکام بنایا جائے گا۔

وفاقی وزیر داخلہ نے زخمی بچوں کی جلد صحت یابی کے لیے بھی دعا کی۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین