9 مئی مقدمات،آئندہ سماعت پر ملزمان کے وکلاء جرح کیلئے طلب

پولیس اہلکار نے حماد اظہر ،محمود الرشید سمیت دیگر کیخلاف بیان ریکارڈ کرا دیا

لاہور :انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے 9مئی کے مقدمات میں ملزمان کے وکلاء کو گواہ کے بیان پر جرح کے لئے آئندہ سماعت پر طلب کر لیا۔

دوران سماعت جلائو گھیرائو کے وقت موقع پر موجود اہلکار نے حماد اظہر اور میاں محمود الرشید سمیت دیگر کے خلاف بیان ریکارڈ کرا دیا، کلمہ چوک کے قریب کنٹینر جلانے کے مقدمے میں موقع پر موجود پولیس اہلکار نے بھی بیان ریکارڈ کرا دیا۔گواہ کے بیان کے مطابق 11مئی کی رات حماد اظہر، میاں محمود الرشید اور اسلم اقبال کی قیادت میں ڈیڑھ سو سے دو سو لوگ کلمہ چوک جمع ہوئے، وائرلیس پر کال چلنے کے بعد دیگر پولیس اہلکاروں کے ہمراہ موقع پر پہنچا۔

گواہ کا کہنا تھا کہ حماد اظہر، محمود الرشید اور اسلم اقبال نے کارکنان کو اشتعال دلوایا، مشتعل کارکنان نے کلمہ چوک پر کنٹینر اور وارڈن کے کیبن کو آگ لگا دی، مشتعل کارکنان نے ریاست مخالف نعرے بازی بھی کی۔

دوران سماعت گواہ نے مزید بتایا کہ پولیس نے کارکنان کو روکنے کی کوشش کی مگر پولیس پر بدترین پتھرائو کیا گیا، میری آنکھوں کے سامنے دس سے پندرہ لوگوں نے پٹرول بم پھینک کر کنٹینر کو آگ لگائی، پولیس نے ان دس لوگوں کو وہاں سے گرفتار کیا جن سے تفتیش کی گئی جبکہ 24اکتوبر کو شناخت پریڈ میں 10ملزمان کو شناخت کیا۔بعدازاں لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت نے آئندہ سماعت پر ملزمان کے وکلاء کو گواہ کے بیان پر جرح کیلئے طلب کر لیا۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین