کراچی میں کورونا کیسز میں دوبارہ اضافہ، محکمہ صحت نے 4 ہلاکتوں کی تصدیق کر دی

جاں بحق ہونے والے تمام مریضوں کی عمریں 60 سال سے زیادہ تھیں اور وہ دیگر بیماریوں میں بھی مبتلا تھے

کراچی میں ایک بار پھر کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ محکمہ صحت نے وائرس سے 4 ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے، جن میں تمام افراد کی عمریں 60 سال سے زائد تھیں۔ ماہرین نے عوام سے دوبارہ احتیاطی تدابیر اپنانے کی اپیل کی ہے۔

محکمہ صحت سندھ نے کراچی میں کورونا وائرس سے 4 افراد کی موت کی تصدیق کی ہے۔ نجی اسپتالوں کے حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والے تمام مریضوں کی عمریں 60 سال سے زیادہ تھیں اور وہ دیگر بیماریوں میں بھی مبتلا تھے۔

تفصیلات کے مطابق ماہرِ متعدی امراض ڈاکٹر فیصل محمود کا کہنا ہے کہ گزشتہ 2 سے 3 ہفتوں کے دوران کورونا وائرس کے کیسز میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ متاثرہ افراد میں وہی علامات پائی گئی ہیں جو پہلے بھی سامنے آتی رہی ہیں، جیسے کہ کھانسی، نزلہ، بخار اور جسم میں درد۔

محکمہ صحت نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں، خاص طور پر رش والی جگہوں پر ماسک کا استعمال کریں اور بچوں اور بزرگوں کو خصوصی طور پر محفوظ رکھنے کی کوشش کریں۔

محکمہ صحت کے مطابق اگرچہ یہ اموات کورونا وائرس سے منسلک ہیں، لیکن ان افراد میں دیگر پیچیدہ بیماریاں بھی موجود تھیں، جن کی وجہ سے ان کی حالت مزید خراب ہوئی۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس اب ایک عام وائرس کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، اس لیے کراچی میں ہونے والی اموات کو صرف کورونا سے جوڑنا غیر ضروری خوف پھیلانے کا باعث بن سکتا ہے۔

یاد رہے کہ کورونا وائرس سب سے پہلے دسمبر 2019 میں چین کے شہر ووہان میں سامنے آیا تھا اور اپریل 2020 تک دنیا کے تقریباً 185 ممالک میں پھیل چکا تھا، جس سے کروڑوں افراد متاثر اور لاکھوں ہلاک ہوئے تھے۔

پاکستان میں پہلا کورونا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا تھا۔ بعد ازاں ویکسین کی تیاری اور عالمی سطح پر ویکسینیشن مہم کے ذریعے اس پر قابو پایا گیا، اور آج یہ وائرس دیگر بیماریوں کی طرح عام سمجھا جا رہا ہے۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین