دنیا بھر میں ہر سال ہزاروں افراد سانپ کے ڈسنے سے اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں، اور یہ خطرہ برسات کے موسم میں کئی گنا بڑھ جاتا ہے۔ بارشیں جب شدت اختیار کرتی ہیں تو سانپوں کے بل پانی سے بھر جاتے ہیں، جس کے باعث یہ زہریلے جانور خشک اور محفوظ مقامات کی تلاش میں انسانوں کے قریب آ نکلتے ہیں۔بعض اوقات تیز بہتے پانی کا رُخ بھی سانپوں کو انسانی آبادی کی طرف موڑ دیتا ہے، جہاں وہ اپنی بقا کے لیے دفاعی حالت اختیار کر لیتے ہیں اور حملے کی صورت میں کاٹ لیتے ہیں۔
مردہ جانور یا خراب گوشت کی بو:
سانپ ایسے مقامات کی طرف متوجہ ہو سکتے ہیں جہاں مرے ہوئے جانور، مچھلی یا خراب گوشت ہو، خاص طور پر دیہی علاقوں میں۔
چوہوں اور چھپکلیوں کی بو
سانپ بالواسطہ طور پر چوہے، چھپکلی، مینڈک یا دیگر چھوٹے جانوروں کے پیچھے گھروں میں داخل ہوتے ہیں۔
مرطوب اور بوسیدہ جگہوں کی مہک:
سانپ نم جگہوں، بوسیدہ لکڑی، کچرے یا گھاس کے ڈھیر کی طرف راغب ہوتے ہیں، جن سے خاص قسم کی بدبو آتی ہے۔
پالتو جانوروں کے فضلے یا خوراک کی مہک:
پالتو جانوروں کا فضلہ یا خوراک اگر کھلی جگہ پر ہو تو یہ چوہوں کو متوجہ کرتا ہے، اور اس کے نتیجے میں سانپ بھی وہاں آ سکتے ہیں۔
وائلڈ لائف کے ماہر کے مطابق سانپ تاریک، مرطوب اور تنگ جگہوں کو پسند کرتے ہیں، خاص طور پر وہ جگہیں جہاں خوراک بآسانی دستیاب ہو۔ ان کی پناہ گاہوں میں پرانی لکڑیوں کے ڈھیر، اینٹوں کی پائلیں، کچرا، اور وہ مقامات شامل ہیں جہاں چوہے یا چھپکلیاں موجود ہوں۔ دیہی علاقوں میں خراب گوشت یا مچھلی کے ٹکڑے بھی سانپوں کو اپنی جانب راغب کر سکتے ہیں۔
اسے بھی پڑھیں: برطانیہ میں سانپوں کی نئی نسل تیزی سے پھیلنے لگی، گھروں کو بند رکھنے کی ہدایت جاری
سانپوں سے تحفظ: ضروری احتیاطی تدابیر
گھر کی صفائی یقینی بنائیں: گھر اور اس کے اطراف کا ماحول صاف رکھیں تاکہ سانپوں کو چھپنے کی جگہ نہ ملے۔
کچرے اور غیر استعمال شدہ اشیاء کا خاتمہ کریں: پرانی لکڑیاں، اینٹیں، اور دیگر بے کار سامان ہٹا دیں۔
مناسب روشنی کا انتظام کریں: تاریک کونوں، گیراج، صحن یا گھر کے بیرونی حصوں میں روشنیاں لگائیں تاکہ سانپ وہاں چھپ نہ سکیں۔
کانٹے دار پودے لگائیں: دروازوں اور کھڑکیوں کے قریب جھاڑیاں یا کانٹے دار پودے لگانا مفید ہے کیونکہ یہ سانپوں کی آمد کو روکتے ہیں۔
چھوٹے جانوروں سے نجات حاصل کریں: چوہے، چھپکلیاں اور دیگر چھوٹے جانور سانپوں کی خوراک ہیں، اس لیے انہیں گھر سے دور رکھنا چاہیے۔
سانپوں کے بل بند کریں: اگر گھر یا قریبی زمین میں سانپوں کے بل نظر آئیں تو انہیں مٹی یا بجری سے بند کر دیں تاکہ سانپ باہر نہ نکل سکیں۔
بارشوں کا موسم، سانپوں کی سرگرمیوں کا وقت
ماہرین اس بات پر متفق ہیں کہ برسات کا موسم سانپوں کی نقل و حرکت کا وقت ہوتا ہے، اور ان دنوں وہ زیادہ متحرک ہو جاتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اس موسم میں احتیاط نہ برتنے سے سانپوں سے متعلق حادثات کی شرح بڑھ سکتی ہے۔
بارشوں کے موسم میں سانپوں کے خطرات کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ یہ موسم نہ صرف ان کی بیداری کا وقت ہے بلکہ انسانوں اور سانپوں کے آمنے سامنے آنے کا امکان بھی بڑھ جاتا ہے۔ اس لیے شہریوں کو چاہیے کہ وہ اپنے گھروں اور اطراف میں صفائی، روشنی، اور حفاظتی تدابیر کو یقینی بنائیں، تاکہ نہ صرف اپنی بلکہ اپنے اہل خانہ کی حفاظت بھی ممکن بنائی جا سکے۔