حسن علی کا ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں تاریخی سنگ میل، 300 وکٹیں مکمل

پاکستانی بولرز میں وہاب ریاض 413 وکٹوں کے ساتھ سرفہرست ہیں

پاکستان کے مایہ ناز فاسٹ بولر حسن علی نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ایک شاندار کارنامہ سرانجام دیتے ہوئے 300 وکٹوں کا سنگ میل عبور کرلیا ہے۔ یہ عظیم کامیابی انہوں نے صرف 212 میچز میں حاصل کی، جو ان کی غیر معمولی صلاحیتوں اور مستقل مزاجی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

حسن علی اس وقت انگلینڈ کی کاؤنٹی کرکٹ میں برمنگھم بیئرز کی نمائندگی کر رہے ہیں اور جاری وٹیلٹی بلاسٹ 2025 میں اپنی تیز رفتار بولنگ سے سب کو متاثر کر رہے ہیں۔ انہوں نے اس ٹورنامنٹ میں اب تک 6 میچز کھیل کر 12 وکٹیں اپنے نام کی ہیں، جہاں ان کا اوسط 17.33 اور اکانومی ریٹ 9.38 رہا ہے۔

اس شاندار کامیابی کے ساتھ حسن علی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں 300 وکٹیں لینے والے دنیا کے 39ویں اور پاکستان کے 9ویں بولر بن گئے ہیں۔ پاکستانی بولرز میں وہاب ریاض 413 وکٹوں کے ساتھ سرفہرست ہیں، جبکہ عالمی سطح پر افغانستان کے راشد خان 643 وکٹوں کے ساتھ پہلے نمبر پر براجمان ہیں۔

پاکستانی بولرز کی ٹی ٹوئنٹی وکٹوں کی فہرست:

  1. وہاب ریاض – 413 وکٹیں

  2. سہیل تنویر – 389 وکٹیں

  3. محمد عامر – 384 وکٹیں

  4. عماد وسیم – 365 وکٹیں

  5. شاہد آفریدی – 347 وکٹیں

  6. شاداب خان – 345 وکٹیں

  7. حارث رؤف – 321 وکٹیں

  8. شاہین آفریدی – 310 وکٹیں

  9. حسن علی – 301 وکٹیں

حسن علی کی اس کامیابی نے نہ صرف پاکستانی شائقین بلکہ عالمی کرکٹ برادری کو بھی ان کی صلاحیتوں کا معترف بنایا ہے۔ وہ اپنی تیز گیندوں اور درست لائن اینڈ لینتھ کے لیے مشہور ہیں، جو انہیں ہر طرز کی کرکٹ میں ایک خطرناک بولر بناتی ہیں۔

برمنگھم بیئرز اتوار کو لیسٹرشائر کے خلاف میدان میں اتریں گے۔ نارتھ گروپ میں بیئرز اس وقت 4 جیت اور 4 ہار کے ساتھ 16 پوائنٹس حاصل کرکے چھٹے نمبر پر ہیں۔ حسن علی سے توقع کی جا رہی ہے کہ وہ اپنی شاندار فارم کو برقرار رکھتے ہوئے ٹیم کو مزید کامیابیوں سے ہمکنار کریں گے۔

حسن علی کی یہ کامیابی پاکستانی کرکٹ کے لیے ایک فخر کا لمحہ ہے، اور شائقین ان سے مستقبل میں مزید شاندار کارکردگی کی توقع کر رہے ہیں

متعلقہ خبریں

مقبول ترین