(ڈاکٹر منیر حسین ، ڈپٹی ڈائریکٹر CHART)
عالمی سطح پر حلال انڈسٹری تیزی سے ترقی کر رہی ہے اور اس کی اہمیت زندگی کے تقریباً ہر شعبے تک پھیل چکی ہے۔ خوراک سے لے کر سیاحت، کاسمیٹکس، ادویات، مالیات اور فیشن تک، حلال کے اصول اب عالمی تجارت کا ایک اہم حصہ بن چکے ہیں۔اسی تناظر میں منہاج یونیورسٹی لاہور کے زیرِ اہتمام قائم سنٹر فار حلال اوئیرنیس، ریسرچ اینڈ ٹریننگ (CHART) حلال انڈسٹری کے فروغ، تحقیق اور تعلیم کے میدان میں نمایاں خدمات سرانجام دے رہا ہے۔ چارٹ حلال ایجوکیشن، ریسرچ اور انڈسٹری کے درمیان ایک مضبوط پل کا کردار ادا کر رہا ہے۔
چارٹ کی جانب سے مختلف تعلیمی پروگرامز متعارف کروائے گئے ہیں جن میں ایم فل حلال فوڈ سیفٹی مینجمنٹ، پوسٹ گریجویٹ ڈپلومہ، شارٹ کورسز اور مختلف سرٹیفائیڈ ٹریننگز شامل ہیں۔ ان پروگرامز کا مقصد طلبہ اور پروفیشنلز کو جدید تقاضوں کے مطابق حلال انڈسٹری سے متعلق عملی تربیت فراہم کرنا ہے تاکہ وہ عالمی حلال مارکیٹ میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔
چارٹ (CHART) کا مشن عالمی معیار کے حلال سٹینڈرڈز کی تشکیل میں معاونت، تحقیق کے فروغ اور معاشرے میں حلال شعور اجاگر کرنا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ چارٹ کانفرنسز، سیمینارز اور ویبینارز کے ذریعے قومی و بین الاقوامی سطح پر آگاہی بھی فراہم کر رہا ہے۔
مزید برآں، چارٹ کی جانب سے تحقیقی جرنل فار حلال اخلاقیات اور ریسرچ ( Journal For Halal Ethics and Research) ، گلوبل حلال انڈسٹری رپورٹس اور دیگر اشاعتی سرگرمیاں بھی جاری ہیں جو اس شعبے میں علمی ترقی کا اہم ذریعہ ہیں۔
ماہرین کے مطابق حلال انڈسٹری میں روزگار کے وسیع مواقع موجود ہیں جن میں حلال آڈیٹر، فوڈ سیفٹی اسپیشلسٹ، کوالٹی ایشورنس مینیجر اور شریعہ ریسرچ اسکالر شامل ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان میں حلال انڈسٹری کے فروغ کے لیے ایسے اداروں کا کردار نہایت اہم ہے جو نہ صرف تعلیم و تحقیق کو فروغ دیں بلکہ صنعت کو بھی جدید خطوط پر استوار کریں۔





















