لاہور: گرین ٹاؤن اور ٹاؤن شپ کے رہائشیوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے منہاج یونیورسٹی لاہور کے قریب واقع سپورٹس گراؤنڈ، پی ایچ اے نرسری، خواتین و بچوں کے پارک اور جاگنگ ٹریک کی فوری بحالی و مرمت کا مطالبہ کر دیا۔ شہریوں نے کہا ہے کہ متعلقہ اداروں کی غفلت کے باعث یہ اہم عوامی تفریحی مقام بدانتظامی، ٹوٹ پھوٹ اور صفائی کے سنگین مسائل کا شکار ہو چکا ہے جس سے روزانہ آنے والے ہزاروں افراد متاثر ہو رہے ہیں۔
اہل علاقہ کی جانب سے وزیراعلیٰ پنجاب کو ارسال کردہ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ گزشتہ کئی برسوں سے اس پارک میں صبح کے اوقات میں یوگا اور ورزش کی سرگرمیاں باقاعدگی سے جاری ہیں، تاہم پارک کے مختلف حصوں میں کوڑا کرکٹ کے ڈھیر لگنے سے شدید بدبو اور تعفن پھیل رہا ہے۔ شہریوں نے مطالبہ کیا کہ یوگا ایریا اور جاگنگ ٹریک کے اطراف فوری صفائی یقینی بنائی جائے اور کچرا مستقل بنیادوں پر اٹھانے کا مؤثر نظام بنایا جائے۔
درخواست میں نشاندہی کی گئی کہ خواتین اور بچوں کے لیے مختص پارک میں نصب سرکاری جھولے اور دیگر تفریحی سامان ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں جس کے باعث بچوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ رہائشیوں نے مطالبہ کیا کہ خراب جھولوں اور دیگر تنصیبات کی فوری مرمت کی جائے تاکہ فیملیز محفوظ ماحول میں پارک کی سہولیات سے فائدہ اٹھا سکیں۔
شہریوں نے مزید کہا کہ پارک میں پبلک بیت الخلاء نہ ہونے کے باعث خواتین، بچوں اور بزرگ شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہتا ہے۔ درخواست گزاروں کے مطابق سپورٹس اور پی ایچ اے کے دفاتر میں موجود بیت الخلاء صرف عملے کے استعمال تک محدود ہیں جبکہ عوام کے لیے کوئی سہولت موجود نہیں۔ اہل علاقہ نے نرسری کے قریب مناسب جگہ پر فوری طور پر عوامی بیت الخلاء تعمیر کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔
درخواست میں جاگنگ ٹریک کی خستہ حالی پر بھی تشویش ظاہر کی گئی۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ کچی زمین پر قائم ٹریک بارش کے دوران کیچڑ، پانی اور پھسلن سے بھر جاتا ہے جبکہ عام دنوں میں بھی جگہ جگہ موجود نوکیلے پتھر حادثات اور زخمی ہونے کا سبب بنتے ہیں۔ رہائشیوں نے مطالبہ کیا کہ ٹریک کو پختہ اینٹوں، ٹف ٹائلز یا کم از کم مضبوط پکی مٹی سے تعمیر کیا جائے تاکہ شہری محفوظ انداز میں ورزش کر سکیں۔
اہل علاقہ نے پارک کی چار دیواری میں نصب لوہے کے جنگلوں کے مختلف مقامات سے غائب ہونے پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ اس صورتحال کے باعث موٹرسائیکل سوار پارک کے اندر داخل ہو جاتے ہیں جبکہ جانور بھی پارک میں آ کر قیمتی پودوں اور سبزے کو نقصان پہنچاتے ہیں۔ شہریوں نے مطالبہ کیا کہ حفاظتی جنگلوں کو فوری طور پر دوبارہ نصب کیا جائے۔
درخواست محمد نعیم شہریار اور دیگر اہل علاقہ کی جانب سے ارسال کی گئی جس کی نقول ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے لاہور اور سپورٹس بورڈ پنجاب کے حکام کو بھی بھجوائی گئی ہیں۔ شہریوں نے امید ظاہر کی ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی خصوصی توجہ سے ان دیرینہ مسائل کے حل کے لیے جلد عملی اقدامات کیے جائیں گے۔





















