لاہور: سینئر اداکار شبیر جان نے کہا ہے کہ بلا شبہ اس وقت ڈرامہ انڈسٹری میں مقابلے کا رجحان ہے لیکن اس میں اپنی ثقافت اور حدود و قیود کو نہیں بھولنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ آج اسکرپٹ لکھنے والوں کو پہلے سے زیادہ محتاط ہونے کی ضرورت ہے کیونکہ سوشل میڈیا کی وجہ سے ڈرامہ صرف ٹی وی پر نہیں موبائل پر بھی دیکھاجارہا ہے جس پر ہر کسی کی دسترس ہے ۔
ایک انٹر ویو میں شبیر جان نے کہا کہ ہماری ڈرامہ انڈسٹری بھی تبدیلی کے دور سے گزر رہی ہے ، ٹرانسفارمیشن کبھی بھی آسان نہیں ہوتی لیکن میں یہ ضرور کہوں گا جو ڈرامہ انڈسٹری سے وابستہ ہیں انہیں اپنی سمت پر نظر رکھنی ہو گی کہ کہیں ہم اس ٹرانسفارمیشن میں غلط راستے پر تو نہیں جارہے ۔
انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ ڈرامہ انڈسٹری بھی میڈیا کا حصہ ہے اس لئے اس پلیٹ فارم سے اصلاح کے پہلو کو اجاگر کرنا چاہیے جس سے مجموعی طو رپر ہمارے معاشرے میں مثبت اثرات نظر آئیں۔