پشاور: رہنماء پی ٹی آئی شوکت یوسفزئی نے پارٹی قیادت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری غلطیوں کی وجہ سے عمران خان کی سختیاں بڑھ رہی ہیں جس کی تمام تر ذمہ داری مرکزی قیادت پر عائد ہوتی ہے۔
شوکت یوسفز ئی نے کہا کہ بشری بی بی کا شوہر بغیر جرم کے جیل میں ہے وہ کیوں نہ سڑک پر نکلتیں؟ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ باقی لیڈر شپ نے کیا کیا؟ مرکزی لیڈر شپ کہاں تھی؟۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے سنگجانی میں دھرنا دینے کی اجازت دی تو اس پر عمل کیوں نہیں ہوا؟ سیاست کے اندر حالات کو دیکھ کر حکمت عملی بنائی جاتی ہے۔
شوکت یوسفزئی نے کہا کہ ہمیں اللہ نے بہت بڑا موقع دیا جو ہم نے ضائع کر دیا، اگر مشاورت کے ساتھ آگے بڑھتے تو آج نتائج کچھ اور ہوتے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری غلطیوں سے بانی پی ٹی آئی کی سختیوں میں مزید اضافہ ہو رہا ہے، جو ہوا اس کی تمام تر ذمہ داری پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت پرعائد ہوتی ہے۔