سرد موسم کی آمد کے ساتھ ہی ملک بھر میں سانس کی نالی اور نظامِ تنفس سے جڑی بیماریوں میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ ماہرین صحت کے مطابق، اس موسم میں خاص طور پر زکام، کھانسی اور نمونیا جیسی بیماریاں زیادہ عام ہو جاتی ہیں۔
نظامِ تنفس اور دمہ کے ماہر ڈاکٹر وقاص رشید کا کہنا ہے کہ سرد موسم کے اثرات سے سانس کے انفیکشنز میں اضافہ ہوتا ہے، اس لیے عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنی چاہئیں۔ انہوں نے بتایا کہ صحت بخش غذا کے ذریعے مدافعتی نظام کو مضبوط رکھنا ضروری ہے تاکہ ہلکے زکام سے لے کر شدید نمونیا تک کی بیماریوں کے خطرات کو کم کیا جا سکے۔
ڈاکٹر رشید نے عوام کو مشورہ دیا کہ اگر کسی کو کھانسی، چھینک، گلے میں خراش یا ناک بند ہونے جیسی علامات کا مسلسل سامنا ہو تو فوری طور پر طبی امداد حاصل کی جائے۔
ماہرین کے مطابق، سردی کے موسم میں درجہ حرارت میں اچانک کمی ان بیماریوں کے پھیلاؤ کی بڑی وجہ بنتی ہے۔ ان خطرات کو کم کرنے کے لیے ماہرین نے آسان احتیاطی تدابیر اپنانے کی تاکید کی ہے، جن میں ماسک پہننا، بار بار ہاتھ دھونا، جسم کو ہائیڈریٹ رکھنا، علامات والے افراد سے دور رہنا اور متوازن غذائیت کو برقرار رکھنا شامل ہیں۔
ڈاکٹر رشید نے روایتی علاج کے فوائد پر بھی روشنی ڈالی، جیسا کہ گرم شوربے اور یخنی کا استعمال جو نہ صرف قوتِ مدافعت کو مضبوط بناتا ہے بلکہ بیماری کی علامات کو بھی کم کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔