ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں شرمناک شکست کے بعد روہت اور کوہلی کا کیرئیر خطرے میں

پہلی اننگز میں بھارت کی ٹیم محض 180 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی

ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے بھارت کو شرمناک شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کر دی۔ اس شکست کے بعد بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما اور سابق کپتان ویرات کوہلی کے مستقبل پر سوالات اٹھنے لگے ہیں

ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں بھارتی بلے باز آسٹریلوی بالرز کے سامنے مکمل طور پر ناکام ثابت ہوئے۔ روہت شرما نے دونوں اننگز میں 3 اور 6 رنز جبکہ ویرات کوہلی نے 7 اور 11 رنز بنائے۔ ان کی ناقص کارکردگی نے مداحوں کو شدید غصے میں مبتلا کر دیا ہے۔

بھارتی شائقین نے کپتان روہت شرما، کوچ گوتم گمبھیر، اور بی سی سی آئی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ آسٹریلیا کے ہاتھوں اس ذلت آمیز شکست کی ذمہ داری آخر کون قبول کرے گا؟

پہلی اننگز میں بھارت کی ٹیم محض 180 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، جبکہ آسٹریلیا نے اپنی اننگز میں ٹریوس ہیڈ کی شاندار سنچری کی بدولت 337 رنز بنائے اور 154 رنز کی برتری حاصل کر لی۔ دوسری اننگز میں بھی بھارتی بلے باز کوئی خاص کارکردگی نہ دکھا سکے اور ٹیم صرف 175 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔

آسٹریلیا کو جیت کے لیے 19 رنز کا ہدف ملا، جو کینگروز نے بغیر کسی نقصان کے حاصل کر لیا۔ اس شکست کے بعد مداحوں نے روہت اور کوہلی کو ٹیم سے باہر کرنے کا مطالبہ زور و شور سے کیا ہے۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین