پاکستان اور بھارت کے درمیان چیمپئنز ٹرافی تنازع شدت اختیار کر گیا

آئندہ سال پاکستان میں شیڈول آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے معاملے پر بے یقینی برقرار ہے

نئی دہلی:چیمپئنز ٹرافی کے تنازعے کے حل سے قبل ہی بھارتی میڈیا نے پروپیگنڈا مہم کا آغاز کر دیا ہے، اور بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کی جانب سے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو قانونی چارہ جوئی کی دھمکیاں دی جانے لگی ہیں۔

آئندہ سال پاکستان میں شیڈول آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے معاملے پر بے یقینی برقرار ہے، جس کے تحت پاکستان کے تجویز کردہ ہائبرڈ ماڈل پر تاحال آئی سی سی اور بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے کوئی حتمی جواب سامنے نہیں آیا۔ اس تنازع کے باوجود بھارتی میڈیا نے 2026 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے حوالے سے پروپیگنڈا شروع کر دیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق، بی سی سی آئی نے ہائبرڈ ماڈل قبول کرنے کی مشروط رضا مندی ظاہر کی ہے، جس میں پاکستان کے گروپ میچز نیوٹرل وینیوز پر کروانے کی تجویز دی گئی ہے۔ تاہم، اگر پاکستان سیمی فائنل یا فائنل کے مرحلے تک پہنچا تو یہ میچز بھارت میں ہی ہوں گے۔

بھارتی میڈیا کے دعوے کے مطابق، بی سی سی آئی نے واضح کر دیا ہے کہ اگر پاکستان ناک آؤٹ میچز کھیلنے بھارت نہ آیا تو اسے قانونی چارہ جوئی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ پاکستان نے پہلے ہی آئی سی سی میٹنگ میں بھارتی ہٹ دھرمی کا جواب دیتے ہوئے ایک جامع ہائبرڈ ماڈل پیش کیا تھا، جس میں طے پایا کہ تین سال تک دونوں ٹیمیں ایک دوسرے کے ملک میں میچ نہیں کھیلیں گی۔

یہ صورتحال پاکستان کے اصولی موقف اور بھارتی دباؤ کے درمیان پیچیدہ چیلنجز کو ظاہر کرتی ہے، جہاں سیاسی اور سفارتی معاملات کرکٹ پر اثر انداز ہو رہے ہیں۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین