24 نومبر احتجاج: گرفتار مظاہرین جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیے گئے

واضح رہے کہ 24 نومبر کو پی ٹی آئی نے پشاور سے اسلام آباد تک احتجاجی مارچ کیا تھا

اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 24 نومبر کے احتجاج کے دوران گرفتار 40 مظاہرین کا مزید جسمانی ریمانڈ دینے کی درخواست مسترد کر دی اور انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

تھانہ شمس کالونی پولیس نے گرفتار مظاہرین کو انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کیا۔ کیس کی سماعت جج طاہر عباس سپرا نے کی۔ سماعت کے دوران پولیس نے مزید جسمانی ریمانڈ کی درخواست کی، تاہم ملزمان کے وکیل انصر کیانی نے اس کی مخالفت کی۔

وکیل نے عدالت کو بتایا کہ تمام ملزمان مزدور طبقے سے تعلق رکھتے ہیں اور انہیں ان کے گھروں سے گرفتار کیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملزمان کی گرفتاری کے مقامات کی ویڈیوز بھی موجود ہیں جو پولیس کے دعووں کے برعکس ہیں۔

عدالت نے پولیس کی درخواست مسترد کرتے ہوئے تمام ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

واضح رہے کہ 24 نومبر کو پی ٹی آئی نے پشاور سے اسلام آباد تک احتجاجی مارچ کیا تھا۔ اس دوران مظاہرین اور سیکیورٹی اہلکاروں کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔ جھڑپوں میں 2 پولیس اہلکار شہید اور متعدد زخمی ہوئے تھے۔ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرتے ہوئے اسلام آباد کی حدود سے نکال دیا تھا۔

پی ٹی آئی رہنماؤں نے پولیس پر براہ راست فائرنگ کا الزام لگایا اور کئی کارکنوں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا، لیکن ان دعووں کے حق میں کوئی ثبوت پیش نہیں کیا گیا۔ پولیس نے احتجاج کے بعد کئی مقدمات درج کرتے ہوئے سیکڑوں مظاہرین کو گرفتار کیا اور عدالت میں پیش کیا۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین