آسٹریلیا نے پاکستانی مدارس کو جدید تعلیم فراہم کرنے کی پیشکش کر دی

آسٹریلیا نے پاکستانی مدارس کو جدید تعلیم فراہم کرنے کی پیشکش کر دی

اسلام آباد: آسٹریلین حکومت نے پاکستانی مدارس کے طلبا کو جدید تکنیکی تعلیم فراہم کرنے کی پیشکش کر دی ہے۔ آسٹریلین ہائی کمشنر نیل ہاکنز نے وزیر مذہبی امور چوہدری سالک حسین سے ملاقات کے دوران یہ پیشکش کی۔
سرکاری میڈیا کے مطابق وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی اور سمندر پار پاکستانی چوہدری سالک حسین سے آسٹریلین ہائی کمشنر نیل ہاکنز نے ملاقات کی۔ ملاقات میں مذہبی عدم برداشت، دہشت گردی، اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
چوہدری سالک حسین نے کہا کہ بین المذاہب ہم آہنگی کا فروغ اور سمندر پار پاکستانیوں کے مسائل کا حل حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ پاکستان میں اقلیتوں کو آئینی طور پر مکمل حقوق حاصل ہیں۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ وزارت تعلیم کے ماتحت 18 ہزار سے زائد مدارس کو رجسٹرڈ کیا گیا ہے، اور مدارس کے طلبا کو جدید تکنیکی تعلیم فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
آسٹریلین ہائی کمشنر نے مدارس کے طلبا کو جدید تکنیکی تعلیم دینے میں تعاون کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ نفرت اور عدم برداشت انتہا پسندی کی بنیادی وجوہات ہیں، اور بین المذاہب ہم آہنگی ہی محبت، مساوات، اور رواداری کو فروغ دے سکتی ہے۔
نیل ہاکنز نے یونان کشتی حادثے میں پاکستانیوں کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آسٹریلین حکومت ہنرمند پاکستانیوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے کہا کہ غیر قانونی انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے پاکستان مؤثر اقدامات کر رہا ہے اور بیرون ملک روزگار کے خواہشمندوں کو جدید ہنر سکھانے کے منصوبے کا آغاز کیا جا چکا ہے۔

 

 

 

متعلقہ خبریں

مقبول ترین