جنوری 2023 میں دنیا کا پہلا ایسا ٹی وی متعارف کرایا گیا تھا جسے چلانے کے لیے بجلی کی ضرورت نہیں پڑتی۔ یہ منفرد ٹیلی ویژن امریکا کے ایک اسٹارٹ اپ کمپنی ڈس پلیس نے تیار کیا ہے، جس میں تاروں کی بجائے بیٹری کے ذریعے پاور فراہم کی جاتی ہے۔
اب اس کمپنی نے اس وائرلیس او ایل ای ڈی ٹی وی کا نیا ورژن متعارف کرایا ہے، جس میں ایک نیا فیچر شامل کیا گیا ہے ساؤنڈ بار اگرچہ اس ٹی وی کا وائرلیس ہونا ہی اسے دیگر ٹی ویوں سے مختلف بناتا ہے، لیکن نئے ماڈل میں اس کے علاوہ بھی کچھ دلچسپ خصوصیات موجود ہیں۔
یہ 55 انچ کا 4K او ایل ای ڈی ٹی وی اپنی نوعیت کا انوکھا ڈیزائن پیش کرتا ہے، جو کسی بھی دیوار پر بغیر کسی ٹول کے چپک سکتا ہے۔ اس میں "زپ لائن” نامی فیچر بھی شامل ہے، جس کی بدولت یہ ٹی وی خود کو نیچے گرنے سے روکتا ہے۔
اس کے ساتھ ساتھ ایکٹیو لوپ ویکیوم ٹیکنالوجی بھی موجود ہے، جس سے یہ ٹی وی کسی بھی سطح پر، چاہے وہ کھڑکی ہو، دیوار یا فرش، خود کو چپکا سکتا ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ آپ اس ٹی وی کو جہاں چاہیں رکھ کر استعمال کر سکتے ہیں۔
جب بیٹری کی تبدیلی کی ضرورت پیش آتی ہے، تو اس دوران ٹی وی کے گرنے کا خطرہ ہوتا ہے، لیکن زپ لائن اس خطرے کو مکمل طور پر ختم کر دیتا ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ اگر کسی وجہ سے ٹی وی کی سیل یا دیوار میں کوئی خرابی ہو جائے، تو زپ لائن فیچر خودکار طور پر ٹی وی کو گرنے سے روکے گا، بالکل اسی طرح جیسے اسپائیڈر مین کا جالا کام کرتا ہے۔
اس ٹی وی میں 10,000 ایم اے ایچ کی طاقتور بیٹری موجود ہے، جسے آپ حسب ضرورت بدل بھی سکتے ہیں۔ ایک مکمل چارج پر یہ ٹی وی ایک ماہ تک چل سکتا ہے، بشرطیکہ اسے روزانہ 6 گھنٹے استعمال کیا جائے۔
اگر 55 انچ کا ماڈل آپ کے لیے بہت بڑا محسوس ہو، تو اب 27 انچ کا نیا ماڈل بھی دستیاب ہے جس میں 5,000 ایم اے ایچ کی بیٹری ہے۔ اس ٹی وی کی قیمت 3,000 ڈالرز سے شروع ہوتی ہے اور آپ اسے کمپنی کی ویب سائٹ سے خرید سکتے ہیں۔