رواں سال کا پہلا منکی پاکس کیس پشاور سے سامنے آ گیا

ایم پاکس ہیلتھ ایمرجنسی کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 10 ہو گئی

اسلام آباد:اس سال کا پہلا ایم پاکس کیس پشاور سے رپورٹ ہوا ہے۔ پشاور ائیرپورٹ پر بارڈر ہیلتھ سروسز کے عملے نے اسکریننگ کے دوران مشتبہ مریض کی نشان دہی کی۔

وزارت صحت کے ترجمان نے تصدیق کی کہ مشتبہ مریض کا ٹیسٹ پازیٹو آیا ہے، جس کے بعد ایم پاکس کیسز کی کل تعداد 10 ہو گئی ہے۔ ترجمان کے مطابق، مریض کی سفری ہسٹری خلیجی ممالک سے ہے۔

کوآرڈینیٹر برائے صحت ڈاکٹر مختار بھرتھ نے کہا کہ عوام کو ایم پاکس سے بچانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ تمام ائیرپورٹس پر اسکریننگ کا نظام فعال ہے اور انٹرنیشنل ہیلتھ ریگولیشنز کی سفارشات پر مکمل عمل کیا جا رہا ہے۔ وفاقی اور صوبائی حکومتیں اس مرض سے نمٹنے کے لیے پرعزم ہیں۔

مشیر صحت خیبر پختونخوا، احتشام علی، نے بھی تصدیق کی کہ 2025 کا پہلا ایم پاکس کیس پشاور ائیرپورٹ پر سامنے آیا۔ کیس رپورٹ ہوتے ہی پبلک ہیلتھ کی ٹیم ائیرپورٹ پہنچی۔

مشیر صحت کے مطابق، مریض کو فوری طور پر پولیس سروسز اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں سے اس کے نمونے پبلک ہیلتھ ریفرنس لیب بھجوائے گئے۔ دبئی سے آنے والے 35 سالہ شخص میں ایم پاکس کی موجودگی کی تصدیق ہوئی ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ پشاور ائیرپورٹ منیجر کو خط لکھ کر مریض کے قریبی مسافروں کی تفصیلات فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ جیسے ہی معلومات موصول ہوں گی، متعلقہ ڈی ایچ اوز کو کنٹیکٹ ٹریسنگ کے لیے اطلاع دی جائے گی۔

بیان کے مطابق، خیبر پختونخوا میں اب تک 10 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں: 2023 میں 2 کیسز، 2024 میں 7 کیسز، جبکہ 2025 میں یہ پہلا کیس ہے۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور سماجی فاصلے کو یقینی بنائیں۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین