ملتان میں گیس سے بھرا باؤزر دھماکے سے پھٹنے کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق ہو گئے، جبکہ 39 افراد جھلس کر زخمی ہوئے، اور کئی گھروں کی چھتیں گر کر تباہ ہو گئیں۔
تفصیلات کے مطابق، ملتان کے مظفرگڑھ روڈ پر فہد ٹاؤن میں گیس سے بھرا باؤزر دھماکے سے پھٹ گیا۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ باؤزر کا ڈرائیور سڑک پر باؤزر کھڑا کر کے رشتہ داروں سے ملنے گیا تھا، اور گیس کے اخراج کی وجہ سے دھماکا ہوا۔
دھماکے کے بعد باؤزر کے ٹکڑے قریبی گھروں میں جا گرے، جس سے گھروں میں آگ لگ گئی اور کئی گھروں کی چھتیں گر کر تباہ ہو گئیں۔
ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر میتوں اور زخمیوں کو نشتر ہسپتال کے برن یونٹ منتقل کر دیا۔ زخمیوں میں ایک خاتون اور بچوں سمیت 6 افراد شامل ہیں، اور 12 افراد کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔
کمشنر ملتان عامر کریم نے بتایا کہ ملبے سے 100 سے زائد افراد کو زندہ نکال لیا گیا ہے، جبکہ دھماکے میں کئی جانور بھی ہلاک اور زخمی ہوئے۔
دھماکا رات 12 بجے کے بعد ہوا، اور سی پی او صادق علی ڈوگر کے مطابق ریسکیو ٹیموں نے آگ بجھانے کے بعد علاقے کو صاف کر دیا۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کی وجہ سے بوائلر میں دھماکا ہوا، جس سے بوائلر کے ٹکڑے بستی حامد پور کے گھروں میں جا گرے۔
سی پی او ملتان کے مطابق بستی حامد پور میں ایک ہی گھر کے 6 افراد زخمی ہوئے، جبکہ زرینہ بی بی نامی خاتون جاں بحق ہو گئیں۔ زخمی ہونے والوں میں اللہ رکھا، اس کی اہلیہ تانیہ، والدہ منصب بی بی اور بچے انعم، عنایہ اور سانول شامل ہیں۔
سی پی او صادق ڈوگر نے کہا کہ علاقے کی مکمل صفائی تک ریسکیو ٹیمیں وہاں موجود رہیں گی۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق 15 سے 16 افراد ایل پی جی گیس ٹینکر کی ری فلنگ کر رہے تھے، کہ اچانک ٹینکر میں آگ لگ گئی۔ ملزمان بغیر اطلاع دیے موقع سے فرار ہو گئے۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ دھماکے میں 6 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے، اور 39 زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر نشتر ہسپتال منتقل کیا گیا۔ مزید تحقیقات جاری ہیں۔
پولیس نے تھانہ مظفر آباد میں 8 نامزد اور 7 نامعلوم افراد، اور ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ 2 نامزد ملزمان کو گرفتار کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔