آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) نے خیبر پختونخوا میں حالیہ دریافت شدہ ذخائر سے تیل و گیس کی پیداوار شروع کر دی ہے۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو ارسال کردہ مراسلے میں او جی ڈی سی ایل نے آگاہ کیا کہ لکی مروت کے سمانسک فیلڈ میں بیٹانی 2 کنوئیں سے کامیابی کے ساتھ تیل و گیس نکالنے کا عمل جاری ہے۔
یاد رہے کہ او جی ڈی سی ایل نے 13 دسمبر 2024 کو سمانسک فیلڈ میں قدرتی وسائل کی دریافت کی اطلاع دی تھی۔
کمپنی کے مطابق، اس کنوئیں سے روزانہ 8.5 ایم ایم ایس سی ایف قدرتی گیس اور 610 بیرل خام تیل حاصل ہو رہا ہے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ گیس کو بیٹانی پراسیسنگ پلانٹ کے ذریعے سوئی نادرن گیس پائپ لائن لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل) کے سسٹم میں شامل کیا جا رہا ہے۔ اس فیلڈ میں او جی ڈی سی ایل کا 100 فیصد ورکنگ شیئر ہے۔