اسلام آباد:قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور ڈائریکٹر محمد حفیظ نے چیمپئنز ٹرافی میں بابراعظم کو بطور اوپنر کھلانے کی مخالفت کرتے ہوئے انہیں نمبر 3 پر کھلانے کا مشورہ دیا ہے۔
پاکستان نے سہ ملکی سیریز میں تین میچز کھیلے، جن میں بابراعظم نے فخر زمان کے ساتھ اوپننگ کی، تاہم ان کی کارکردگی زیادہ متاثر کن ثابت نہ ہوئی۔ انہوں نے اننگز میں بالترتیب 10، 23 اور 29 رنز بنائے، جو ٹیم کی توقعات پر پورا نہ اتر سکے۔
اس سے قبل سلیکشن کمیٹی نے چیمپئنز ٹرافی کے لیے انجرڈ صائم ایوب کی جگہ اوپننگ کے لیے بابراعظم یا سعود شکیل کو آزمانے کا عندیہ دیا تھا، تاہم سہ ملکی سیریز میں بابر کو بطور اوپنر کھلایا گیا۔
محمد حفیظ نے بابراعظم کی حالیہ فارم کو مدنظر رکھتے ہوئے تجویز دی کہ سلیکشن کمیٹی کو بابر کو نمبر 3 پر بھیجنا چاہیے، جبکہ عبداللہ شفیق، امام الحق یا شان مسعود میں سے کسی کو فخر زمان کے ساتھ اوپنر کے طور پر چیمپئنز ٹرافی 2025 میں موقع دینا چاہیے تاکہ بیٹنگ لائن میں استحکام پیدا کیا جا سکے۔
ایونٹ کا آغاز 19 فروری کو پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ سے ہوگا، جبکہ فائنل 9 مارچ کو کھیلا جائے گا۔
پاکستان کا چیمپئنز ٹرافی اسکواڈ:
محمد رضوان (کپتان)، بابراعظم، فخر زمان، کامران غلام، سعود شکیل، طیب طاہر، فہیم اشرف، خوشدل شاہ، سلمان علی آغا (وی سی)، عثمان خان، ابرار احمد، حارث رؤف، محمد حسنین، نسیم شاہ اور شاہین شاہ آفریدی۔