پنجاب حکومت کا 5 سال میں 5 لاکھ گھر بنانے کا عزم

وزیراعلیٰ پنجاب کی پھاٹا کو مارچ تک اسکیم کے اہداف مکمل کرنے کی ہدایت دی

لاہور :وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا ہے کہ بے گھر افراد کو رہائش فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور پانچ سال میں پانچ لاکھ گھر بنانے کے ہدف کو پورا کرنے کے لیے بھرپور محنت کی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت ایک خصوصی اجلاس منعقد ہوا، جس میں 3 مرلہ فری پلاٹ سکیم کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں پنجاب ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ایجنسی (پھاٹا) کے ڈائریکٹر جنرل نے تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے پھاٹا کو مارچ تک اسکیم کے اہداف مکمل کرنے کی ہدایت دی، تاکہ مستحق افراد جلد از جلد اس سہولت سے مستفید ہو سکیں۔ اجلاس میں فری پلاٹ حاصل کرنے والے افراد کو گھر بنانے کے لیے آسان شرائط پر قرضے فراہم کرنے پر بھی غور کیا گیا۔

مریم نواز شریف نے پنجاب کے 19 اضلاع میں پھاٹا کی 23 پرانی ہاؤسنگ سکیموں کی بحالی اور بہتری کا حکم دیتے ہوئے اس مقصد کے لیے فنڈز جاری کرنے کے اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔

بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ "اپنی چھت، اپنا گھر” پروگرام کے تحت قرضوں کی واپسی کا عمل شروع ہو چکا ہے، اور اب تک 100 فیصد قرضے واپس کیے جا چکے ہیں۔ اس وقت 9,661 گھروں کی تعمیر جاری ہے، جو جلد مکمل کر دیے جائیں گے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اس موقع پر کہا کہ انہیں بے گھر عوام کے لیے چھت فراہم کرنے کی بہت فکر ہے۔ انہوں نے کہا کہ "اپنی چھت، اپنا گھر” پروگرام کے تحت لوگوں کو اپنے گھروں میں آباد ہوتے دیکھ کر دلی خوشی ہوتی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پانچ سال میں پانچ لاکھ گھروں کی تعمیر کا ہدف پورا کیا جائے گا، تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد کو بہتر رہائش فراہم کی جا سکے۔

 

 

متعلقہ خبریں

مقبول ترین