بابر اعظم کو کراچی کنگز نے کس وجہ سے ریلیز کیا؟ اصل اختلاف سامنے آ گیا

فرنچائز بابر اعظم کو بیٹنگ آرڈر میں نمبر 3 پر کھلانا چاہتی تھی

کراچی کنگز نے بابر اعظم کو پی ایس ایل 2023 سے قبل ریلیز کرنے کی وجہ بتا دی۔ فرنچائز کے مالک سلمان اقبال نے انکشاف کیا کہ بابر کو نمبر 3 پر بیٹنگ کے لیے کہا گیا، لیکن وہ اوپننگ پوزیشن چھوڑنے کو تیار نہ تھے۔ اس اختلاف کی وجہ سے بابر کو ٹیم سے الگ کیا گیا، اور وہ پشاور زلمی میں بطور کپتان شامل ہوگئے۔

کراچی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی مقبول ٹیم کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال نے آخر کار بابر اعظم کو ٹیم سے ریلیز کرنے کی وجہ بتا دی۔

ایک ٹی وی پروگرام میں بات کرتے ہوئے کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال نے بتایا کہ فرنچائز بابر اعظم کو بیٹنگ آرڈر میں نمبر 3 پر کھلانا چاہتی تھی، لیکن اس بات پر دونوں کے درمیان اختلاف ہوگیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم کی انتظامیہ نے فیصلہ کیا تھا کہ بابر اعظم کو پلئینگ الیون میں تیسرے نمبر پر بیٹنگ کے لیے اتارا جائے گا، لیکن بابر اس پوزیشن پر کھیلنے کے لیے راضی نہ ہوئے۔

سلمان اقبال نے مزید کہا کہ اگر بابر اعظم نمبر 3 پر بیٹنگ کے لیے مان جاتے تو وہ آج بھی کراچی کنگز کی ٹیم کا حصہ ہوتے، لیکن اس اختلاف کی وجہ سے ہمیں انہیں ٹیم سے الگ کرنا پڑا۔

واضح رہے کہ بابر اعظم ہمیشہ سے ٹی20 کرکٹ میں اوپننگ بیٹنگ کو ترجیح دیتے ہیں، چاہے وہ پاکستان کی قومی ٹیم کے لیے کھیلیں یا پی ایس ایل کی فرنچائز کے لیے۔ پی ایس ایل میں انہوں نے 76 اننگز میں اوپننگ کی اور 47.01 کی شاندار اوسط اور 129.13 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ 3103 رنز بنائے۔

یاد رہے کہ پی ایس ایل 2023 سے پہلے کراچی کنگز نے اپنے اہم کھلاڑی بابر اعظم کو ٹریڈ کیا تھا، جس کے بعد وہ پشاور زلمی میں شامل ہوگئے اور وہاں انہیں ٹیم کا کپتان بھی بنایا گیا۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین