وفاق کینالز منصوبہ فوری بند کرے ورنہ پیپلز پارٹی حکومت کا ساتھ نہیں دے گی، بلاول کا انتباہ

اسلام آباد کے حکمران نہ تو سننے کو تیار ہیں اور نہ ہی حقیقت دیکھنا چاہتے ہیں

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وفاقی حکومت کو متنازع کینالز منصوبہ فوری روکنے کا الٹی میٹم دیا، ورنہ پی پی پی اتحاد سے الگ ہو جائے گی۔ حیدرآباد کے جلسے میں انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ کسان دشمن ہے اور سندھ کے پانی کے حقوق پر سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے عمر کوٹ کی انتخابی جیت کو عوام کی طاقت قرار دیا اور 25 اپریل کو سکھر میں بڑے احتجاج کا اعلان کیا۔

حیدرآباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر متنازع نئے کینالز کا منصوبہ روکے، ورنہ پیپلز پارٹی ان کے ساتھ اتحاد جاری نہیں رکھ سکتی۔

حیدرآباد میں ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ پانی کی تقسیم کا معاملہ وفاق کے لیے خطرہ بن سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے حکمران نہ تو سننے کو تیار ہیں اور نہ ہی حقیقت دیکھنا چاہتے ہیں۔انہوں نے واضح کیا کہ پیپلز پارٹی وفاقی وزارتوں کی پروا نہیں کرتی اور یہ کینالز منصوبہ کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔

بلاول نے حکومت کو خبردار کیا کہ وہ یہ نہ سمجھیں کہ میں دباؤ میں آ جاؤں گا۔ انہوں نے کہا کہ میرے پیچھے کوئی فارم 47 نہیں، بلکہ عوام کی طاقت ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے منصوبے ہمیشہ کسانوں کے خلاف ہوتے ہیں، اور کسانوں کا خون چوسنے کا عمل سب کے سامنے ہے۔

بلاول نے کہا کہ اب حکومت کہہ رہی ہے کہ وہ ریگستان کو آباد کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اگر تھرپارکر کو آباد کرنا ہے تو کوئی اعتراض نہیں، لیکن سندھو دریا کے پانی پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا۔ انہوں نے تجویز دی کہ حکومت ٹیکنالوجی کے ذریعے چولستان اور تھرپارکر کو آباد کرے۔

انہوں نے کہا کہ اگر حکومت اس متنازع منصوبے کو واپس لے لے تو وہ زراعت کی ترقی کے لیے مل کر منصوبہ بنانے کو تیار ہیں۔

جلسے میں بلاول نے عمر کوٹ کے ضمنی انتخاب میں پیپلز پارٹی کی کامیابی پر کارکنوں کو مبارکباد دی۔انہوں نے کہا کہ عمر کوٹ میں 17 جماعتوں کے اتحاد کے علاوہ پی ٹی آئی اور ن لیگ بھی ایک ساتھ تھے، اور سب نے مل کر پیپلز پارٹی کو ہرانے کی کوشش کی، لیکن عمر کوٹ کے عوام نے اسلام آباد کے حکمرانوں کو شکست دی۔

بلاول نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ عوام کے حقوق کے لیے لڑتی رہی ہے، اور عمر کوٹ میں جیت کر عوام نے ثابت کر دیا کہ وہ کینالز کے منصوبے کو مسترد کرتے ہیں۔

انہوں نے اعلان کیا کہ 25 اپریل کو سکھر میں پیپلز پارٹی کا ایک تاریخی جلسہ اور احتجاج ہوگا، جس میں وہ اپنے وفاق، کسانوں، اور سندھ کے حقوق کی حفاظت کریں گے۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین