کیا آپ جانتے ہیں کہ ایک عام بادل کا وزن لاکھوں کلوگرام ہو سکتا ہے؟ ایک سفید، پھولا ہوا کمولس بادل کا وزن تقریباً 5 لاکھ کلوگرام ہوتا ہے، جبکہ طوفانی بادل کا وزن 10 کروڑ کلوگرام سے بھی زیادہ ہو سکتا ہے۔ یہ بادل باریک پانی کے قطروں کی وجہ سے ہوا میں معلق رہتے ہیں۔
یہ جان کر حیرت ہوتی ہے کہ ایک عام بادل کا وزن لاکھوں کلوگرام تک ہو سکتا ہے۔ماہرین کے مطابق ایک عام کمولس بادل، جو آسمان میں سفید، گول اور پھولا ہوا دکھائی دیتا ہے، کا وزن تقریباً 5 لاکھ کلوگرام یا 50 کروڑ گرام ہو سکتا ہے۔ یہ وزن تقریباً 100 ہاتھیوں کے برابر ہوتا ہے۔
لیکن اتنے بھاری ہونے کے باوجود بادل آسمان میں کیسے تیرتے ہیں؟بادل اتنے وزنی ہونے کے باوجود زمین پر نہیں گرتے کیونکہ ان میں پانی بہت چھوٹے قطروں یا بھاپ کی شکل میں ہوتا ہے۔
یہ چھوٹے قطرے ہوا میں اسی طرح معلق رہتے ہیں جیسے گرد یا دھواں ہوا میں رہتا ہے۔ نیچے سے گرم ہوا اوپر اٹھتی ہے جو ان قطروں کو سہارا دیتی ہے اور انہیں گرنے نہیں دیتی۔
اگر بات بڑے طوفانی بادل کی ہو، جو بارش، بجلی یا طوفان لاتا ہے، تو اس کا وزن اور بھی زیادہ ہوتا ہے۔ ایک طوفانی بادل کا وزن 10 کروڑ کلوگرام یا اس سے بھی زیادہ ہو سکتا ہے۔





















