پاکستان پر ایک اور بھارتی الزام جھوٹ ثابت

بھارتی الزامات کے برعکس علاقے میں تربیتی کیمپس تو نظر نہ آئے لیکن قدرتی حسن ضرور نظر آیا

اسلام آباد:بھارت کا ایک اور بے بنیاد الزام جھوٹا ثابت، آزاد کشمیر کے علاقے بیلانور شاہ میں کسی دہشت گرد ٹریننگ کیمپ کی موجودگی کا کوئی ثبوت نہ مل سکا۔ پہلگام واقعے کو جواز بنا کر بھارت نے پاکستان پر جھوٹا الزام عائد کیا تھا، جو زمینی حقائق کے برخلاف نکلا۔

اسی الزام کی حقیقت جاننے کے لیے انٹرنیشنل اور پاکستانی میڈیا نے ایل او سی سے 26 کلو میٹر کے فاصلے پر بیلانور شاہ کا دورہ کیا۔بھارتی الزامات کے برعکس علاقے میں پرامن ماحول اور زندگی معمول کے مطابق رواں دواں ہے۔ مقامی شہری نے کہا کہ 37 سال سے دور دور تک کوئی کیمپ نہیں دیکھا معمولات زندگی اچھی طرح جارہی ہیں، دنیا تسلیم کررہی ہے کہ یہاں کوئی جہادی کیمپ نہیں تھا۔وہاں موجود سیاح کا کہنا تھا کہ ہم یہاں لوگ گھومنے پھرنے آئے تھے ہمارے سامنے بچے اسکول میں گئے پیچھے ایک کالج ہے سرکاری اسکول ہے بچے اپنی لائف انجوائے کررہے ہیں اور ہم بھی گھوم پھر رہے ہیں۔

بیلانور شاہ کے علاقے میں سرکاری اور پرائیویٹ تعلیمی اداروں میں تعلیمی سرگرمیاں بھی معمول کے مطابق جاری ہیں۔خاتون پرنسپل کا کہنا ہے کہ 5 سال سے یہ ادارہ چلارہے ہیں کوئی ایکٹیویٹی ہم نے نہیں دیکھی پر امن ماحول میں پڑھاتے ہیں۔اس کے علاوہ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ بھارت بغیر ثبوت پاکستان پر بے بنیاد الزام لگارہا ہے ان کی ساری حکمت عملی بچگانہ اور تخیلاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہاں زندگی معمول کے مطابق چل رہی ہے دہشت گردوں کے کیمپس اور ان کی یہاں تربیت ہونے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا اس لیے یہاں آئے ہیں تاکہ بتاسکیں تم لوگ نقشے پر دعوی کرتے ہو ہم لوگ یہاں پہنچ گئے ہیں۔بھارتی الزامات کے برعکس علاقے میں تربیتی کیمپس تو نظر نہ آئے لیکن قدرتی حسن سے مالا مال اس علاقے میں روز مرہ کے معمولات زندگی اور چہل پہل ضرور نظر آئی۔بیلانور شاہ کا پرامن ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ بھارت کا یہ پراپیگنڈا بھی من گھڑت اور بے بنیاد ہے جو کہ بھارت کے جنگی جنون کے علاوہ کچھ نہیں ہے۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین