واشنگٹن،لندن:دنیا کی سب سے بڑی کرپٹو کرنسی بٹ کوائن نے ایک لاکھ ڈالر کی سطح عبور کرلی۔ میڈیارپورٹس کے مطابق رواں سال فروری کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ بٹ کوائن اس حد تک پہنچا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس اضافے کی بڑی وجہ امریکا اور برطانیہ کے درمیان حالیہ معاشی معاہدہ ہے، جس سے سرمایہ کاروں میں اعتماد بحال ہوا ہے۔بٹ کوائن کی موجودہ قیمت 1,01,329 امریکی ڈالر تک پہنچی، جو ایک دن میں 4.7 فیصد اضافہ ظاہر کرتی ہے۔
اگرچہ یہ اب بھی جنوری 2025 کی بلند ترین سطح یعنی 1,09,000 ڈالر سے کم ہے، تاہم اس کی واپسی کو مارکیٹ میں مثبت علامت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ایتھریم کی قیمت بھی 14 فیصد اضافے سے 2,050 ڈالر سے تجاوز کر گئی، جو مارچ کے بعد اس کی بلند ترین سطح ہے۔کرپٹو ٹریڈنگ پلیٹ فارم کے شریک بانی انٹونی ٹرینچیف کے مطابق، ایک لاکھ ڈالر کی سطح پر واپسی بٹ کوائن کی طاقت کی نشانی ہے، خاص طور پر جب گزشتہ ماہ اس کی قیمت 74 ہزار ڈالر تک گر چکی تھی۔
ادھر فن ٹیک ماہرین کا کہنا تھا کہ بٹ کوائن کی قدر میں اضافے کی وجوہات میں ادارہ جاتی سرمایہ کاروں کی دلچسپی، جغرافیائی کشیدگی میں کمی، اور چین کے معاشی محرکات بھی شامل ہیں۔ البتہ دیگر کرپٹو کرنسیز جیسے ایتھرم اب بھی گزشتہ سال کی بلند سطح سے 50 فیصد نیچے ہیں۔
بٹ کوائن کی قیمت ایک لاکھ ڈالر سے تجاوز کر گئی
اس اضافے کی بڑی وجہ امریکا اور برطانیہ کے درمیان حالیہ معاشی معاہدہ ہے





















