پی ایس ایل دوبارہ کب اور کہاں سے شروع ہوگا؟ مکمل شیڈول جاری

شائقین کرکٹ ایک بار پھر پی ایس ایل کے سنسنی خیز مقابلوں کے لیے تیار ہو جائیں

پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کی وجہ سے عارضی طور پر روک دی گئی پی ایس ایل 10 اب دوبارہ شروع ہونے جا رہی ہے۔ شائقین کرکٹ کے لیے خوشخبری ہے کہ 17 مئی سے ایچ بی ایل پی ایس ایل کا جوش و خروش ایک بار پھر راولپنڈی سے شروع ہوگا، جہاں کراچی کنگز اور پشاور زلمی آمنے سامنے ہوں گے۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کے بعد عارضی تعطل کا شکار ہونے والی ایچ بی ایل پی ایس ایل سیزن 10 کا دوبارہ آغاز اب 17 مئی سے ہو رہا ہے۔کراچی کنگز اپنی پی ایس ایل مہم کا دوبارہ آغاز 17 مئی کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پشاور زلمی کے خلاف میچ سے کرے گی۔

اگلے دن یعنی 18 مئی کو راولپنڈی میں دو میچ ہوں گے۔ پہلا میچ دوپہر کے وقت ملتان سلطانز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان ہوگا، جبکہ شام میں پشاور زلمی کا مقابلہ لاہور قلندرز سے ہوگا۔

کراچی کنگز اپنے پہلے راؤنڈ کا دسویں اور آخری میچ 19 مئی کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم ہی میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف کھیلے گی، جو کہ دفاعی چیمپیئن ہے۔

پلے آف مرحلے کا آغاز 21 مئی سے ہوگا، جس میں پہلا میچ یعنی کوالیفائر لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ ایلیمینیٹر ون 22 مئی اور ایلیمینیٹر ٹو 23 مئی کو بھی اسی اسٹیڈیم میں ہوں گے۔

پی ایس ایل 10 کا فائنل میچ 25 مئی کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ہوگا، جہاں سیزن کی دو بہترین ٹیمیں ٹائٹل کے لیے مدِ مقابل آئیں گی۔

شائقین کرکٹ ایک بار پھر پی ایس ایل کے سنسنی خیز مقابلوں کے لیے تیار ہو جائیں، کیونکہ میدان ایک بار پھر سجنے جا رہا ہے۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین