بنگلادیشی حکومت نے اپنی کرکٹ ٹیم کو پاکستان کے خلاف پانچ ٹی 20 میچز کی سیریز کے لیے اجازت دینے کا عندیہ دیا ہے، اور بنگلادیش کرکٹ بورڈ کو امید ہے کہ جلد باضابطہ اجازت مل جائے گی۔ پی ایس ایل کے دوبارہ شیڈول ہونے سے یہ سیریز متاثر ہوئی، اور اب نیا پلان تیار کیا جا رہا ہے۔ نئے شیڈول کے مطابق پہلا میچ 27 مئی کو لاہور میں ہو سکتا ہے، دو میچز فیصل آباد اور آخری دو لاہور میں کھیلے جا سکتے ہیں۔ بنگلادیش ٹیم 14 مئی کو یو اے ای میں دو میچز کھیلنے جا رہی ہے۔
بنگلادیش کی حکومت کی طرف سے اپنی کرکٹ ٹیم کو پاکستان کے خلاف سیریز کھیلنے کی اجازت ملنے کا امکان بڑھ گیا ہے۔بنگلادیش کرکٹ بورڈ نے جمعرات کو اپنے بیان میں بتایا کہ انہیں پاکستان کے خلاف شیڈول سیریز کے بارے میں حکومت سے مثبت اشارے ملے ہیں، اور انہیں امید ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان یہ سیریز ضرور ہوگی۔
بورڈ کے اعلامیے کے مطابق، حکومت نے پاکستان کے دورے کی اجازت دینے پر غور شروع کر دیا ہے، اور جلد ہی اس سلسلے میں بورڈ کو باضابطہ اجازت نامہ ملنے کی توقع ہے۔
بنگلادیش کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ حکومت تقریباً پاکستان کے دورے پر راضی ہو گئی ہے، اور اب صرف چند رسمی امور باقی ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان پانچ ٹی 20 میچز کی سیریز کھیلی جائے گی۔
واضح رہے کہ اس سے پہلے بنگلادیش کرکٹ بورڈ نے اپنے کھلاڑیوں کو پاکستان کے دورے کے لیے ضروری دستاویزات تیار کرنے کی ہدایت دی تھی۔
واضح رہے کہ بنگلادیش کی ٹیم متحدہ عرب امارات میں دو میچز کی سیریز کھیلنے کے لیے 14 مئی 2025 کو یو اے ای روانہ ہوگی۔ وہاں شارجہ میں 17 اور 19 مئی کو دونوں ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔
دوسری طرف، پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان سیریز کا نیا مجوزہ پلان سامنے آ گیا ہے۔ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے میچز دوبارہ شیڈول ہونے کی وجہ سے پانچ ٹی 20 میچز کی یہ سیریز بھی متاثر ہوئی ہے۔
ذرائع کے مطابق، پاکستان کرکٹ بورڈ مقامی معاملات طے ہونے کے بعد اس سیریز کا حتمی شیڈول جاری کرے گا۔ پی ایس ایل کے نئے شیڈول کے بعد اب پاکستان اور بنگلادیش کی سیریز کا نیا پروگرام بنایا جا رہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نئی تجویز کے تحت اب پہلا میچ 27 مئی کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلنے پر غور کیا جا رہا ہے۔ اس کے بعد دو میچز فیصل آباد کے ایقبال اسٹیڈیم میں ہوں گے، جبکہ سیریز کے آخری دو میچز لاہور میں کھیلے جانے کا امکان ہے۔





















