قربانی مہم 2025 :تحریک منہاج القرآن لاہور کااجلاس

منہاج ویلفیئر کا مشن ہر مستحق تک قربانی کا گوشت پہنچانا ہے

لاہور ـ:تحریک منہاج القرآن(منہاج ویلفیئر فائونڈیشن) لاہور کے زیراہتمام سالانہ قربانی مہم 2025 کے سلسلہ میں اہم اجلاس مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون میں منعقد ہوا ۔اجلاس میں تحریک منہاج القرآن لاہور کی ضلعی،تحصیلی،پی پی عہدیداران اور لاہور بھر سے سینکڑوں رضاکاروں نے شرکت کی۔اجلاس کا مقصد قربانی مہم کےلئے رضا کاروں کی تربیت،تنظیمی منصوبہ بندی اور فلاحی جذبے کو موثر بنانا تھا تاکہ عید الاضحی کے موقع پر مستحق افراد تک قربانی کا گوشت منظم انداز میں بر وقت پہنچایا جا سکے۔

اجلاس کی صدارت تحریک منہاج القرآن لاہور کے صدر پروفیسر ذوالفقار علی نے کی۔نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن علامہ رانا محمد ادریس،رانا نفیس حسین قادری ،کوآرڈینیٹر منہاج ویلفیئر فائونڈیشن لاہور کیپٹن (ر) عبد المجید سمیت دیگر رہنمائوں نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ رانا محمد ادریس نے کہاکہ قربانی نہ صرف عبادت ہے بلکہ خدمت انسانیت کا ایک عظیم ذریعہ بھی ہے۔ہم اس سال بھی ہزاروں خاندانوں تک قربانی کا گوشت پہنچانے کا عزم رکھتے ہیں اور ہمارے رضا کار اس مشن کے ہیرو ہیں۔

صدر تحریک منہاج القرآن لاہور پروفیسر ذوالفقار علی نے کہا کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر منہاج القرآن کی قربانی مہم ایک منظم، شفاف اور فلاحی عمل ہے، جس میں سینکڑوں والینٹئرز رضاکارانہ خدمات سرانجام دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سال بھی قربانی مہم میں کارکنان جوش و جذبے سے بھرپور کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے والنٹئرز پر زور دیا کہ وہ قربانی کے ہر مرحلے میں نظم و ضبط، خلوص نیت اور شفافیت کو یقینی بنائیں تاکہ عوام کا اعتماد مزید مستحکم ہو۔کوآرڈینیٹر منہاج ویلفیئر فائو نڈیشن لاہور کیپٹن(ر) عبد المجید نے قربانی مہم 2025 کی تیاریوں سے متعلق بریفنگ دی اور پچھلے سال کی کاکردگی رپورٹ بھی پیش کی۔

اجلاس میں پاک فوج کی حالیہ کامیابیوں پر اظہارِ فخر کرتے ہوئے رہنمائوں نے کہا کہ وطن عزیز کے دفاع میں افواجِ پاکستان نے ہمیشہ قربانیاں دی ہیں اور قوم کے سروں کو فخر سے بلند رکھا ہے۔ منہاج القرآن کا ہر کارکن، وطن کے سپاہیوں کے شانہ بشانہ ہے۔اجلاس میں ناظم لاہور امجد حسین چوہدری،افضل بھٹی،حاجی امجد،طارق الطاف،حاجی حنیف،میاں ممتاز حسین، ڈاکٹر سلطان محمود چوہدری ،ممتاز خان کچھی،شفاقت مغل،حاجی فرخ،علامہ خلیل حنفی سمیت دیگر رہنمائوں نے شرکت کی۔

 

متعلقہ خبریں

مقبول ترین