لاہور:گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ بھارتی جارحیت کے خلاف پوری قوم نے بھرپور یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔ پاک فوج کے سپہ سالار کی قیادت میں افواج پاکستان نے بھارتی گھمنڈ کو ملیا میٹ کردیا۔بلوچستان میں ہونے والی حالیہ دہشت گردی میں بھارت ملوث ہے۔ پنجاب لوکل گورنمنٹ کے ادارے ملک کی ترقی میں خاص اہمیت رکھتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب لوکل گورنمنٹ اکیڈمی لالہ موسی میں زیر تربیت افسران سے ملاقات کے دوران کیا۔ملاقات میں افسران کی تربیت سمیت مختلف امور پر تبادلہ بھی خیال کیا گیا۔
مودی کے الزامات بے بنیاد اور اشتعال انگیز، بھارتی بیانیہ خطے کے امن کے لیے خطرناک: دفتر خارجہ
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ بھارت نے پہلگام واقعہ کا بہانہ بناکر رات کے اندھیرے میں معصوم انسانی جانوں اور مساجد کو نشانہ بنایا۔انہوں نے کہا کہ بھارت کوپاکستان نے پہلے ہی واضح الفاظ میں کہ دیا تھا کہ پہلگام واقعہ میں اس کا کسی قسم کا ہاتھ نہیں۔گورنر پنجاب نے کہا کہ اس کے برعکس بھارت نے اپنی مذموم کاروائیوں کو جاری رکھا۔انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے جوابی کاروائی کرتے ہوئے بھارت کی متعدد تنصیبات کو نشانہ بنا کر اسں کا غرور خاک میں ملادیا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ بھارت کو اپنی سرزمین پر پاکستانی فورسز کی تباہی کئی نسلوں تک یاد رہے گی۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ بلوچستان میں ہونے والی حالیہ دہشت گردی میں بھارت ملوث ہے۔ انہوں نے کہا کہ معصوم انسانی جانوں سے کھیلنے والے ان دہشت گردوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے مزید کہا کہ پنجاب لوکل گورنمنٹ کے ادارے ملک کی ترقی میں خاص اہمیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی نظام کسی بھی جمہوری نظام کی بنیاد ہوتا ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ پیپلز پارٹی بلدیاتی نظام پر یقین رکھتی ہے تاکہ نچلی سطح پر حقیقی معنوں میں عوامی نمائندوں کو بااختیار بنایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل نے مثبت رہ کر ملک کی تعمیر و ترقی میں حصہ ڈالنا ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ ہمیں ملک کو اس مقام پر لے کر جانا ہے جس کے لئے بنایا گیا ہے۔ گورنر پنجاب نے پبلک سروس ڈیلوری پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سرکاری افسران کو چاہئے کہ وہ عوام بالخصوص غریب آدمی کے لئے آسانیاں پیدا کریں۔





















