اوکاڑہ: تیز رفتار ٹریلر کی ٹکر، موٹر سائیکل سوار باپ، بیٹی اور دو بیٹے جاں بحق

یہ دل دہلا دینے والا واقعہ اس وقت پیش آیا جب وہ بچوں کو اسکول چھوڑنے جا رہا تھا

اوکاڑہ میں ایک افسوسناک حادثے نے سب کو غمزدہ کر دیا، جہاں ایک تیز رفتار ٹریلر نے موٹر سائیکل پر سوار باپ اور اس کے تین بچوں کو کچل دیا۔ یہ دل دہلا دینے والا واقعہ اس وقت پیش آیا جب وہ بچوں کو اسکول چھوڑنے جا رہا تھا۔

پنجاب کے ضلع اوکاڑہ میں ملتان روڈ پر واقع پنجاب کالج کے سامنے ایک ہولناک حادثہ پیش آیا، جس میں تیز رفتار ٹریلر نے موٹر سائیکل پر سوار ایک ہی خاندان کے چار افراد کو کچل دیا۔ جاں بحق افراد میں والد محمد ندیم اور ان کے تین بچے شامل ہیں جن میں 10 سالہ آریان، 8 سالہ ایان اور 6 سالہ بیٹی عائزہ شامل ہیں۔

حادثے کے وقت محمد ندیم اپنے بچوں کو اسکول چھوڑنے جا رہے تھے۔ جیسے ہی وہ کالج کے قریب پہنچے، ٹریلر نے انہیں بری طرح ٹکر مار دی۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ چاروں افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔

عینی شاہدین کے مطابق حادثہ ٹریلر ڈرائیور کی تیز رفتاری اور لاپرواہی کے باعث پیش آیا۔ ڈرائیور حادثے کے فوراً بعد موقع سے فرار ہو گیا، جبکہ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ٹریلر کو تحویل میں لے لیا۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں اور پولیس موقع پر پہنچ گئیں اور لاشوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ اس المناک واقعے نے اہل علاقہ کو غمزدہ کر دیا، اور ہر آنکھ اشکبار ہو گئی۔

پولیس کی جانب سے ٹریلر ڈرائیور کی تلاش جاری ہے جبکہ واقعے کی مکمل تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین