تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست اعلیٰ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے تمام شوہروں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر اللہ تعالیٰ نے آپ کو وسائل اور مالی آسودگی عطا کر رکھی ہے تو پھر ان وسائل کا کچھ حصہ اپنے بیوی بچوں کی سیرو تفریح پر ضرور خرچ کریں۔
انہیں ایک بار مدینۃ المنورہ اور مکہ مکرمہ ضرور لے کر جائیں، مدینہ میں آقا ﷺکے مزار اقدس پر سلام اور بیت اللہ کی زیارت کروائیں، حجاز مقدس کا سفر دنیا جہان کے تمام سفروں میں سب سے زیادہ حسین اور خوب صورت سفر ہے۔
اسے بھی پڑھیں: اولاد کی تربیت اور والدین کی ذمہ داریاں
انہوں نے کہا کہ اس سفر کی یادیں، برکتیں بن کر آپ کی ایمانی، گھریلو اور خاندانی زندگی کو خوشگوار بنا دیں گی،باہمی احترام کے جذبات پیدا کریں گی، حجاز مقدس کا سفر جسمانی سیر بھی ہے اور باطنی سیر بھی ہے، اپنے بیوی بچوں کے ساتھ عمرہ کی ضرور سعادت حاصل کریں، عمرہ سے نہ صرف انسان کے سارے گناہ دھل جاتے ہیں بلکہ انسان ذہنی و فکری کثافتوں سے نجات بھی حاصل ہوتی ہے۔
عمرہ سے نیکیوں کی طرف رغبت بڑھتی ہے، گناہوں سے توبہ کی تحریک پیدا ہوتی ہے،اگر ہر سال ممکن نہیں تو زندگی میں ایک بار ہی سہی اپنے بیوی بچوں کے ساتھ حجاز مقدس کے سفر کی سعادت ضرور حاصل کریں۔





















