اتوار, نومبر 24, 2024

عوام کو ریلیف، تمام سیاسی جماعتیں، حکومتیں مل کر فیصلے کریں: نواز شریف

لاہور:پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر و سابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے عوام کو ریلیف دینے کے لئے ملک کی تمام سیاسی جماعتوں ، حکومتوں اور اداروں کو مل کر فیصلے کرنے کی تجویز دیتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں اپنے اخراجات میں کٹوتی اور بچت سے عوام کے ریلیف کیلئے وسائل مہیا کریں۔
نواز شریف کی زیر صدارت پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون میںپارٹی کے مرکزی رہنما کا اجلاس ہوا جس میں وزیر اعظم شہباز شریف ، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف ، اسحاق ڈار ،حمزہ شہباز ،خواجہ آصف ،احسن اقبال ، سینیٹر پرویز رشید ،عطا تارڑ ،سردار ایاز صادق ، اعظم نذیر تارڑ، اویس لغاری ،خواجہ سعد رفیق چیمہ ، رانا ثنا اللہ ،علی پرویز ملک، عابد شیر علی ،عرفان صدیقی ،مریم اورنگزیب، ذیشان رفیق،چیف سیکرٹری پنجاب ، وفاقی و صوبائی سرکاری افسران شریک ہوئے۔
اجلاس میں مجموعی سیاسی ومعاشی صورتحال، عوام کو ریلیف دینے کے اقدامات ،بلدیاتی انتخاب اور پارٹی کو سر گرم کرنے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔وزیراعظم شہبازشریف نے عوام کے ریلیف کے لئے وفاقی حکومت کے اقدامات پر پارٹی صدر نواز شریف کو بریف کیا۔
وزیراعظم شہبازشریف نے سیاسی جماعتوں کے قائدین سے ہونے والی بات چیت پر بھی پارٹی صدر کو اعتماد میں لیا ۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ خساروں کے شکار اداروں سے نجات کے ذریعے عوامی ریلیف کے لئے مالی گنجائش پیدا کرنے کی کوشش جاری ہے، عوام کو ریلیف کی ہر ممکن کوشش کررہے ہیں۔
اجلاس میں وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف نے پنجاب میں عوام کو بجلی بلوں میں ریلیف کے اقدامات پر پارٹی صدر کو آگاہ کیا ۔پارٹی صدر محمد نوازشریف نے وفاقی حکومت کے 50 ارب اور پنجاب حکومت کے 46 ارب کے عوامی ریلیف کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہبازشریف مشکل معاشی حالات میں نہایت محنت، جذبے اور بھرپور صلاحیت سے پرخلوص کام کررہے ہیں۔
نواز شریف نے پنجاب کے عوام کو بجلی بلوں میں14 روپے فی یونٹ ریلیف کی فراہمی شروع ہونے پر وزیراعلی مریم نوازشریف کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ چاہتاہوں کہ پاکستان کے ہرشہری کو مہنگائی سے جلد ریلیف ملے،مریم نواز اور ان کی ٹیم شاباش کی مستحق ہے۔

Related Articles

Latest Articles