پیر, نومبر 25, 2024

پاکستان عمران خان دور میں تنہا ہوا: عطاء تارڑ

نیویارک: وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات، قومی ورثہ و ثقافت عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ہر عالمی فورم پر مسئلہ فلسطین اور کشمیر کو اجاگر کیا، فلسطین میں امن کے بغیر دنیا میں امن قائم نہیں ہو سکتا، پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ موسمیاتی تبدیلی ہے، کاربن اخراج میں پاکستان کا حصہ صرف 2 فیصد ہے جبکہ نقصانات کا خمیازہ سب سے زیادہ پاکستان کو بھگتنا پڑتا ہے، آج ہماری خارجہ پالیسی بہتر ہوئی ہے، عمران خان نے اپنے دور میں پاکستان کو تنہائی کا شکار کیا، سی پیک بند کیا۔
عمران خان نے امریکی سازش کا الزام لگایا، دوست ممالک کو ناراض کیا، موجودہ دور میں دوست ممالک کے ساتھ ہمارے تعلقات بحال ہوئے، پاکستان معاشی لحاظ سے ابھرتی ہوئی مارکیٹ بن چکا ہے، مہنگائی سنگل ڈیجٹ آ گئی ہے، موڈیز اور فچ کی ریٹنگز اپ گریڈ ہوئی ہیں، برآمدات میں 14 فیصد اضافہ ہوا، آئی ٹی برآمدات 3.1 ارب ڈالر پر پہنچ گئی ہیں۔
اقوام متحدہ کی بلڈنگ کے سامنے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف ہر عالمی فورم پر یہ بات کرتے رہے ہیں کہ اسرائیل فلسطین میں جنگی جرائم کا ارتکاب کر رہا ہے، غزہ، خان یونس، رفح میں نہتے فلسطینیوں پر ظلم کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں، اسرائیل نہتے فلسطینیوں کی نسل کشی کر رہا ہے۔ دنیا کو اسرائیلی جرائم کا سختی سے نوٹس لینا چاہئے اور اسے کٹہرے میں لانا چاہئے۔
ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ موسمیاتی تبدیلی ہے، دنیا میں پاکستان کا کاربن اخراج میں صرف 2 فیصد حصہ ہے جبکہ موسمیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات کے نقصانات بھگتنے کی بات آتی ہے تو اس کا سب سے زیادہ خمیازہ پاکستان کو بھگتنا پڑتا ہے، موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ پاکستان متاثر ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی 2018ء کے بعد آئسولیشن کا شکار تھی، مشرق، مغرب اور مشرق وسطیٰ میں ہمارے دوست ممالک ناراض تھے، موجودہ دور میں دوست ممالک کے ساتھ تعلقات بحال ہوئے ہیں اور اس کے نتیجے میں پاکستان کی خارجہ پالیسی میں بہتری آئی ہے۔ پاکستان کی معیشت کے حوالے سے اچھی خبریں آ رہی ہیں، پاکستان معاشی لحاظ سے ابھرتی ہوئی مارکیٹ بن چکا ہے، دنیا پاکستان میں سرمایہ کاری کرے، پاکستان میں بے پناہ قدرتی وسائل اور صلاحیت موجود ہے۔

Related Articles

Latest Articles