راولپنڈی: پی ٹی آئی رہنما کنول شوزب نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کسی ڈیل کا حصہ نہیں بنے گی اور نہ ہی عوام ڈیل قبول کرنے کو تیار ہیں،رانا ثناء اللہ کی ٹانگیں کانپ رہی ہیں، راستے بند بھی ہوئے تب بھی 24 نومبر کو قیادت اور کارکنان اسلام آباد پہنچیں گے، گرفتاریوں سے نہیں ڈرتے۔
انسداد دہشتگردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کنول شوزب کا مزید کہنا تھا کہ آج نو مئی مقدمات کی سماعت میں پراسیکیوشن ٹیم نے کہا کہ صداقت عباسی، واثق قیوم عباسی وعدہ معاف گواہ نہیں بنے، ہماری حاضری عدالت میں مکمل ہے پھر بھی وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے جاتے ہیں۔
کنول شوزب نے کہا کہ ملک میں دھماکے ہو رہے ہیں، لاشیں گر رہی ہیں، 24 نومبر کو پورا پاکستان نکلے گا، ہمارا پرامن احتجاج ہو گا،دھماکے کرنے والوں کو نہیں پکڑا جاتا ہم پر سنگین الزامات عائد کیئے جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم کارکنان کو کسی جگہ بلا کر ہم کوئی میٹنگ نہیں کر سکتے،پولیس ہمارا جرم بتائے اور سب لوگوں کے سامنے گرفتار کرے ہم حاضر ہیں،جیل ریفارمز کی جائیں اور موجودہ صورتحال کو بہتر کیا جائے، ملک کے سابق وزیراعظم کو موت کی چکی میں رکھا ہوا ہے۔