جنید جمشید نے کی کتنی شادیاں کیں؟ بیٹے نے کھل کر سب بتا دیا
لاہور:مرحوم نعت خواں اور معروف گلوکار جنید جمشید کے بیٹے بابر جنید جمشید نے پہلی مرتبہ اپنے والد کی شادیوں کے بارے میں کھل کر بات کی ہے۔ حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں شریک ہونے کے دوران، بابر نے اپنے والد کی زندگی کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔
بابر جنید جمشید نے انکشاف کیا کہ ان کے والد نے اپنی زندگی میں تین شادیاں کی تھیں۔ انہوں نے بتایا کہ "میری والدہ کے علاوہ، جنید جمشید کی دو مزید بیویاں تھیں، جن میں سے ایک بیوی ان کے ساتھ طیارہ حادثے میں جاں بحق ہوگئیں۔” بابر نے مزید بتایا کہ ان کی دونوں دیگر بیویوں سے کوئی اولاد نہیں تھی، اور وہ خود سمیت صرف چار بہن بھائی ہیں۔
بابر نے اپنے والد کے ساتھ ایک یادگار گفتگو کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جنید جمشید نے ایک موقع پر ان سے کہا تھا: "لوگ کہتے ہیں کہ میں نے کئی شادیاں کی ہیں، مگر کیا میں نے تمہاری والدہ یا تم لوگوں کے ساتھ کبھی ناانصافی کی؟” بابر کا جواب تھا: "نہیں، بابا! آپ نے ہمیشہ اپنی ذمے داریاں بخوبی نبھائیں اور ہمیں بے پناہ محبت دی۔”
یاد رہے کہ جنید جمشید 7 دسمبر 2016 کو ایک طیارہ حادثے میں جاں بحق ہوئے۔ انہوں نے اپنی موسیقی کی دنیا کو چھوڑ کر دین اسلام کی تبلیغ کی راہ اختیار کی اور اپنی زندگی کے آخری حصے میں لوگوں کو دین کی طرف رہنمائی فراہم کی۔ جنید جمشید کا مقصد لوگوں کو حقیقی روشنی کی طرف متوجہ کرنا تھا۔