2024 کے عام انتخابات میں پاکستانیوں کی ریکارڈ تعداد نے ووٹ ڈالے، فافن رپورٹ

خواتین ووٹرز کی رجسٹریشن نے مردوں کو پیچھے چھوڑ دیا

فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک (فافن) نے 2024 کے عام انتخابات پر اپنی تجزیاتی رپورٹ جاری کی ہے، جس میں پاکستانی عوام کی بھرپور شرکت کا ذکر کیا گیا ہے۔

فافن کے مطابق 2024 کے انتخابات میں 6 کروڑ 12 لاکھ 82 ہزار 920 افراد نے ووٹ کاسٹ کیے، تاہم ووٹر ٹرن آؤٹ 48 فیصد رہا، جو 2018 میں 52 فیصد تھا۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ چھ برسوں میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد میں 2 کروڑ 25 لاکھ کا اضافہ ہوا ہے۔

ایک دلچسپ پہلو یہ سامنے آیا کہ خواتین ووٹرز کی رجسٹریشن نے مردوں کو پیچھے چھوڑ دیا۔ 2024 کے انتخابات میں ایک کروڑ 25 لاکھ خواتین جبکہ ایک کروڑ مرد ووٹرز نے اپنا نام رجسٹر کروایا۔ مرد اور خواتین کے ووٹر ٹرن آؤٹ میں 2018 میں 10 فیصد کا فرق تھا جو اب کم ہو کر 9 فیصد رہ گیا ہے۔

رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ دیہی علاقوں میں ووٹر ٹرن آؤٹ شہری علاقوں کے مقابلے میں زیادہ رہا۔ دیہی علاقوں میں ٹرن آؤٹ 50 فیصد جبکہ شہری علاقوں میں 43.8 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔

یاد رہے کہ 2024 کے عام انتخابات 8 فروری کو منعقد ہوئے تھے، جن میں قومی اسمبلی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کے لیے عوام نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین