2024 میں پاکستانیوں نے کن مشہور شخصیات کو سب سے زیادہ گوگل کیا؟

یہ شخصیات اپنی منفرد وجوہات کی بنا پر پاکستانیوں کی توجہ کا مرکز رہیں

سال 2024 اپنے اختتام کے قریب ہے، اور دنیا نئے سال کا استقبال کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔ یہ وقت سال بھر کے اہم واقعات اور دلچسپ موضوعات کو یاد کرنے کا بھی ہے۔ اس حوالے سے گوگل نے پاکستان میں سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی شخصیات کی فہرست جاری کی ہے، جو مختلف کیٹیگریز پر مشتمل ہے، جیسے کھیل، ٹیکنالوجی، اور شوبز۔

یہاں ان شخصیات کا ذکر ہے جنہیں پاکستانیوں نے سب سے زیادہ سرچ کیا، اور وہ عوامل بھی زیر غور ہیں جو ان کے لیے باعثِ توجہ بنے۔

عباس عطار

ایرانی فوٹو جرنلسٹ عباس عطار، جو 2018 میں وفات پا گئے، اس سال پاکستانیوں کی توجہ کا مرکز رہے۔ وہ اپنی انقلابی اور جنگی فوٹوگرافی کے لیے مشہور تھے۔ انہوں نے مختلف ممالک میں سماجی تبدیلیوں اور مذاہب کے تہواروں کی تصاویر کیمرے میں محفوظ کیں۔ عباس عطار کا کام بلیک اینڈ وائٹ فوٹوگرافی میں بے مثال سمجھا جاتا ہے۔

ایتل عدنان

لبنانی نژاد امریکی شاعرہ، مصنفہ اور آرٹسٹ ایتل عدنان کا نام بھی اس فہرست میں شامل ہے۔ 2021 میں وفات پانے والی عدنان کو عرب امریکی ادب میں ایک نمایاں مقام حاصل تھا۔ ان کے ادبی کام کے ساتھ ساتھ بصری آرٹ اور فلمیں بھی عالمی سطح پر سراہی گئیں۔

 ارشد ندیم

پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم نے جیولن تھرو میں بھارت کے نیرج چوپڑا کو شکست دے کر اولمپک میں پاکستان کو 40 سال بعد گولڈ میڈل دلایا۔ ان کی شاندار کارکردگی نے نہ صرف پاکستانیوں بلکہ عالمی سطح پر بھی دھوم مچا دی۔

 ثناء جاوید

اداکارہ ثناء جاوید اپنی ذاتی زندگی کی خبروں کی وجہ سے نمایاں رہیں۔ انہوں نے گلوکار عمیر جسوال سے علیحدگی کے بعد کرکٹر شعیب ملک سے شادی کی، جو ایک بحث طلب موضوع رہا۔ ان خبروں نے انہیں سال بھر سرچ انجن پر مقبول رکھا۔

شعیب ملک

کرکٹر شعیب ملک، اپنی سابقہ اہلیہ ثانیہ مرزا سے طلاق اور اداکارہ ثناء جاوید سے شادی کے باعث، سال بھر عوام کی توجہ کا مرکز رہے۔ یہ جوڑی سوشل میڈیا پر ٹرولنگ کا بھی شکار رہی۔

 حریم شاہ

ٹک ٹاک اسٹار حریم شاہ اپنی متنازعہ ویڈیوز اور بیانات کی وجہ سے خبروں میں رہیں۔ برطانیہ کی سیاست میں شمولیت کے دعوے نے بھی انہیں توجہ کا مرکز بنایا۔

مناہل ملک

ٹک ٹاکر مناہل ملک اپنی نازیبا ویڈیوز کے لیک ہونے کے بعد سرچ میں آئیں۔ انہوں نے ان ویڈیوز کو جعلی قرار دیا اور سوشل میڈیا سے کنارہ کشی اختیار کی، لیکن ان کا نام خبروں میں رہا۔

زویا ناصر

اداکارہ زویا ناصر ہم اسٹائل ایوارڈز کے دوران ایک مداح کا موبائل گرا دینے پر معافی مانگنے کے بعد خبروں میں آئیں۔ ان کی عاجزی اور رویے نے لوگوں کو متاثر کیا۔

مکیش امبانی

بھارتی بزنس مین مکیش امبانی بھی اس فہرست میں شامل ہیں۔ ان کے بیٹے کی عالیشان شادی اور اس میں دنیا بھر کی مشہور شخصیات کی شرکت نے انہیں عالمی توجہ دلائی۔

یہ شخصیات اپنی منفرد وجوہات کی بنا پر پاکستانیوں کی توجہ کا مرکز رہیں اور گوگل پر سب سے زیادہ سرچ کی گئیں۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین