گوگل نے بالآخر اپنا نیا آرٹیفیشل انٹیلی جنس ٹول متعارف کرایا ہے، جو ویب پر نیویگیٹ کرنے کے لیے صارف کی طرح براؤزر کا کنٹرول حاصل کر سکتا ہے۔
یہ ٹول، جو پہلے پروجیکٹ جاروس کے نام سے جانا جاتا تھا، ویب براؤزنگ کی تاریخ میں ایک بڑی تبدیلی کی علامت ہو سکتا ہے۔ اس کا مقصد ایک ایسا آفاقی اے آئی اسسٹنٹ بنانا ہے جو صارفین کے روزمرہ کے کاموں میں مدد فراہم کرے۔
پروجیکٹ مرینر ابھی ابتدائی مراحل میں ہے اور اسے گوگل کروم ویب براؤزر میں بطور تجرباتی ایکسٹینشن پیش کیا گیا ہے۔ یہ ٹول گوگل کی جیمنائی اے آئی کو استعمال کرتا ہے تاکہ اسکرین پر موجود مواد کو سمجھ کر مطلوبہ کام انجام دے سکے۔
یہ اے آئی ٹول تصاویر، ٹیکسٹ اور ویب فارمز کا تجزیہ کر کے خود بخود مطلوبہ جگہوں پر ٹائپ یا کلک کر کے کام مکمل کرتا ہے۔
فی الحال یہ ٹول چند منتخب ٹیسٹرز کے لیے دستیاب ہے، اور گوگل تسلیم کرتا ہے کہ اس کا موجودہ ورژن انسانوں کے مقابلے میں سست اور مکمل طور پر قابلِ اعتماد نہیں ہے۔