عمران خان سول نافرمانی کی ضد پوری کر لیں، این آر او نہیں ملے گا: عطاء تارڑ
اسلام آباد:وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے سابق وزیر اعظم عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ چاہیں تو اپنی سول نافرمانی کی خواہش پوری کر لیں، لیکن انہیں این آر او کسی صورت نہیں ملے گا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ "ایکس” پر اپنے بیان میں عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ "فتنہ السیاست” اپنی پرتشدد کارروائیوں میں ناکامی کے بعد ایک اور ملک دشمن حکمت عملی اپنانے کی ضد کر رہا ہے۔
یہ بیان عمران خان کے حالیہ الٹی میٹم کے بعد سامنے آیا ہے، جس میں انہوں نے حکومت کو اپنے مطالبات پورے کرنے کے لیے اتوار تک کی مہلت دی تھی۔ عمران خان نے کہا تھا کہ اگر مطالبات نہ مانے گئے تو وہ سول نافرمانی تحریک شروع کریں گے۔
واضح رہے کہ اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کے بعد ان کی بہن علیمہ خان نے بتایا تھا کہ عمران خان نے 9 مئی اور 26 نومبر کے واقعات کی جوڈیشل انکوائری اور بے گناہ کارکنان کی رہائی کے مطالبات دوبارہ دہرائے ہیں۔